i پاکستان

اے این ایف کی ملک گیر15کارروائیوں میں 17 ملزمان گرفتار،کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 94.806 کلو گرام منشیات برآمدتازترین

October 28, 2024

ینٹی ناکوٹکس فورس(اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف میں منشیات فروشی اور منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران ملک گیر 15 کارروائیوں میں 17 ملزمان گرفتارکر لیے اور 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 94.806 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی ۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری انسداد منشیات آپریشنز کی تفصیل کے مطابق جوہر ٹائون لاہور میں یونیورسٹی کے قریب سے 6 کلو گرام چرس برآمدکرکے 3 ملزمان گرفتارکیے گئے۔اسلام آباد میں جاپان روڈ پر یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 300 گرام آئس اور 25 نشہ آور گولیاں برآمدکی گئیں۔راولپنڈی میں لالہ زار روڈ پر یونیورسٹی کے قریب دو ملزمان سے 200 گرام چرس برآمدکی گئی۔کراچی میں کوریئر آفس سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے20 کتابوں میں جذب شدہ 14 کلو 500 گرام آئس برآمدکی گئی۔ لاہور ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر سے 900 گرام آئس برآمدکی گئی۔لاہور ایئرپورٹ پر دوسری کارروائی میں ملیشیا جانے والے مسافر سے 2 کلو گرام ہیروئن برآمدکی گئی۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر دمام جانے والے مسافر سے 706 گرام ہیروئن برآمدکی گئی۔موٹر وے ٹول پلازہ پشاور کے قریب گاڑی سے 48 کلوگرام چرس اور 14 کلو 400 گرام افیون برآمد کی گئی۔موٹروے ٹول پلازہ پشاور کے قریب دوسری کارروائی میں گاڑی سے 2 کلو گرام ہیروئن برآمد کرکے ایک ملزم گرفتارکیا گیا۔رنگ روڈ پشاور کے قریب دو کارروائیوں میں دو ملزمان سے 1 کلو گرام ہیروئن اور 2 کلو 400 گرام چرس برآمدکی گئی۔ایم ون اسلام آباد کے قریب تین کارروائیوں میں دو خواتین سمیت ملزم سے 10 کلو 800 گرام چرس برآمدکی گئی۔جی ٹی روڈ ملتان پر دو ملزمان سے 1 کلو گرام آئس برآمدکی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی