رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ 8فروری کواگر لاکھوں لوگ نہیں نکلے تو 6 ماہ کیلئے پی ٹی آئی کو کسی نے منہ نہیں لگانا، بانی پی ٹی آئی اور قیدیوں کی رہائی کیلئے 8 فروری کی اہمیت ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تیرہ ، باجوڑ اور کرم میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ہورہے ہیں، 8 فروری کے ساتھ ساتھ دہشتگردی ہمارا قومی مسئلہ ہے، پہلے لکی مروت میں دہشتگردوں کی تعداد 50 تک تھی اب لکی مروت میں 400 دہشتگرد موجود ہیں اور 400 کے قریب ہلاک ہوچکے ہیں، لکی مروت میں 50 فوجی اور 100 پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے
دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ لکی مروت ہے، کے پی حکومت اور وہاں کے لوگ اسٹیک ہولڈرز نہیں تو کیوں نہیں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کو دہشتگردی کے مسئلے پر قومی ڈائیلاگ بلانا چاہیئے تھا، قومی ڈائیلاگ کو براہ راست ٹی وی پر دکھایا جائے۔شیر افضل مروت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 8 فروری سے تحریک کا آغاز کیا جائے، اگرصرف پشاور میں جلسہ کیا اورسوشل میڈیا پر تحریک چلائی تو بانی ان کی کلاس لیں گے ۔ بانی پی ٹی آئی اور قیدیوں کی رہائی کیلئے 8 فروری کی اہمیت ہے، 8فروری کو لاکھوں لوگ نہیں نکلے تو 6 مہینے کیلئے پی ٹی آئی کو کسی نے منہ نہیں لگانا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی