پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ملک کے 5 بڑوں کے مل بیٹھنے کی تجویز رانا ثنا اللہ کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے تاہم موجودہ سیاسی بحران کا حل عمران خان کے بغیر ممکن نہیں۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بڑوں کے مل بیٹھنے کی تجویز رانا ثنا اللہ کی ذاتی رائے ہے، وہ رائے دینے کا حق رکھتے ہیں اور اس سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بغیر موجودہ حالات کا کوئی حل نہیں نکل سکتا اور رانا ثنا اللہ کو یہ بات بھی سمجھنی چاہیے کہ عمران خان مینڈیٹ چوروں کے ساتھ کسی صورت نہیں بیٹھیں گے۔ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ اگر رانا ثنا اللہ مفاہمت کی بات کرتے ہیں تو انہیں آئین کی بحالی اور عدلیہ کو مکمل آزادی دینے کی بات کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حقیقی مفاہمت اسی صورت ممکن ہے جب آئینی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی