نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شمالی علاقوں میں متوقع بارشوں اور برفباری کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔این ڈی ایم اے کا کہناہے کہ 24 جنوری تک شمالی علاقہ جات میں بارش اور برفباری سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش سے دریائے کابل اور ملحقہ ندی نالوں میں اچانک طغیانی آسکتی ہے۔ اسی طرح دیر، چترال، سوات اور کوہستان میں بھی اچانک سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق نوشہرہ اور تربیلا ڈیم کے نشیبی علاقوں میں دریائے کابل کے بہا ئومیں اضافے کا امکان ہے۔ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ رہے۔ عوام نالوں، نشیبی علاقوں اور خطرے سے دوچار علاقوں کے قریب غیر ضروری آمد و رفت سے گریز کریں۔دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بدھ کے روز سے بارش اور برف باری کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور قلات میں بارش اور برف باری کا امکان ہے ۔ اس کے علاوہ نوشکی، ہرنائی، ژوب اور موسی خیل میں تیز ہواوں کے ادھر محکمہ موسمیات نے شہر میں آج (جمعرات کو) وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور رات میں خنک رہنے کا امکان ہے جب کہ جمعرات کو وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے شہر کے درجہ حرارت کے حوالے سے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14 سے 16ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جب کہ پچھلے24 گھنٹوں میں کم سے کم درجہ حرارت 13.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔اس کے علاوہ ہوا میں نمی کا تناسب 78فیصد ہے، شمال مشرق سے ہوائیں 4کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔دریں اثنا پنجاب کے کئی شہروں میں شدید دھند کی وجہ سے حدنگاہ متاثر ہونے پر کئی مقامات پر موٹرویز بند کردی گئیں۔موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 3،فیض پور سے سمندری تک دھندکی وجہ سے بند کردی گئی ہے۔موٹروے ایم 4، شیرشاہ سے عبدالحکیم تک ، موٹروے ایم 5، شیرشاہ سے ظاہر پیر تک دھندکی وجہ سے بند ہے۔موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 11،لاہور سے سمبڑیال تک دھند کی وجہ سے بند ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی