i پاکستان

190 ملین پاونڈز کیس، عمران خان کے خلاف مقدمے میں اعظم خان، پرویز خٹک و دیگر طلبتازترین

July 05, 2024

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف 190 ملین پاونڈز ریفرنس کیس میں سابق وزیر دفاع پرویز خٹک، ان کے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان اور زبیدہ جلال کو طلب کرلیا۔ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں کی، نیب کی جانب سے امجد پرویز، سردار مظفر عباسی سمیت لیگل ٹیم عدالت میں پیش ہوئی، وکلا صفائی عثمان گل، ظہیر عباس چوہدری ملزمان کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔ آئندہ سماعت پر بنی گالہ کے پٹواری عباس کرلیا کو بھی طلب کیا گیا ہے، ایسٹ ریکوری یونٹ کے غلام حیدر، ڈی سی ایف بی آر محمد علی تاج اور سسٹنٹ ڈائریکٹر ایف ائی اے یاسر عظیم کے بیان پر جرح مکمل کرلی گئی۔ یاد رہے کہ اب تک اس ریفرنس میں استغاثہ کے 30 گواہان کی شہادت پر جرح مکمل کرلی گئی۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 10 جولائی تک ملتوی کردی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی