i پاکستان

16 اگست کوعبوری حکومت آجائے گی، الیکشن کرانا ان کا کام ہے، وزیر داخلہتازترین

March 30, 2023

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ 12 یا 16 اگست کے بعد ہماری حکومت نہیں ہو گی، 16 اگست کو عبوری حکومت آ جائے گی، الیکشن کرانا ان کا کام ہے۔ وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم ہونا چاہیے، لوگوں کو معاملات کے حل کرنے کے لیے مشاورت سے کام لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت افرا تفری اور انارکی کی طرف کھڑا ہے، اس کے لیے عمران خان کی دس سال کی محنت ہے، انہوں نے ملک کو انتشار کی طرف لے جانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ رانا ثنا کا کہنا تھا کہ ان معاملات کو حل کرنے کے لیے گریٹر ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، ایک بیان دینے سے یہ معاملہ حل نہیں ہوگا، ڈائیلاگ ہی بہتر راستہ ہے لیکن اس کے لیے درست لائحہ عمل بنایا جائے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ دہشت گردی آوٹ آف کنٹرول نہیں ہوئی اور نہ ہی ہوگی، دہشت گردی موجود ہے، دہشت گرد اپنی کارروائیاں کررہے ہیں، ان کے تدارک کے لیے ہماری افواج اور وزارت اپنا کام کر رہی ہے، دہشت گردی کو ملک سے ختم کیا جائے گا۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ ایک فریق دس سال سے اپنے مخالفین کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، وہ شخص حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں، مخالفین سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں، اگر الیکشن کی تاریخ دے دی جائے اور ہم الیکشن میں چلے جائیں، تو بیٹھ کر کیا بات کرنی ہے؟ بیٹھ کر بات پہلے ہو گی، عدالت عظمی جو فیصلہ کرے گی اس کا احترام ہو گا۔ رانا ثنا نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ساری باتوں کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا ہے، فیصلہ آئینی اور قانونی طور پر درست ہے، عمران خان نے اسمبلی اس لیے توڑی تا کہ وقت سے پہلے الیکشن ہوں، وہ چاہتے ہیں 2 اسمبلیوں کا الیکشن الگ اور 2 کا الگ ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا یہ اقدام ملک کے لیے بہتر نہیں، اس سے ملک میں انارکی آئے گی، 8 اکتوبر کو جنرل الیکشن ہوں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی