پنجاب زکوٰة و عشر کونسل کا 26 واں اجلاس میا ں ابرار احمد سیکر ٹر ی زکوٰة وعشر حکومت پنجاب کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ظہور حسین سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجابِ، مولانا محمد یوسف خاں، ڈاکٹر ممتاز اخترفاضل ممبران پنجاب زکوٰة وعشرکونسل اور مختلف صوبائی محکمہ جات کے نمائندگان کے علاوہ رانا محمد سجاد بابر ایڈمنسٹریٹر زکوٰة وعشرپنجاب نے شرکت کی۔اجلاس میں زکوٰة بجٹ برائے سال2022ـ23 کے لئے 05 ارب 80 کروڑروپے کے تخمینہ کی منظوری دی گئی۔ کونسل نے گزارہ الاؤنس کی مد میں 03ارب19کروڑ روپے، نابینا افراد کے لئے گزارہ الاؤنس کی مد میں مبلغ 20 کروڑ 30لاکھ روپے،جزام کے مریضوں کو گزارہ الا ؤ نس کی فراہمی کے لئے مبلغ 12 لا کھ روپے، صوبائی، ضلع و تحصیل کی سطح کے ہسپتالوں میں غریب اور نادار افراد کے مفت علاج و معالجے کے لئے 46کروڑ 20 لاکھ روپے، مستحق طلباء و طالبات کو تعلیمی وظائف کی فراہمی کے لئے 14 کروڑ 50لاکھ روپے،دینی مدارس کے مستحق طلباء و طالبات کو تعلیمی وظائف کی فراہمی کے لئے 18 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ تعلیمی وظائف فنی کی مد میں 79 کروڑ 40 لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی تاکہ مستحق طلباء و طالبات ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس میں مفت فنی تربیت حاصل کر سکیں۔علاوہ ازیں شادی گرانٹ کی مد میں 20 کروڑ روپے مختص کرنے کی بھی منظوری دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی