فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے نائب صدرحاجی محمد اسلم بھلی نے کہا کہ سروسز سیکٹر کی ٹھوس اور سائنسی بنیادوں پر ترقی کیلئے ڈیجیٹل انفارمیشن پلیٹ فارم، ڈیجیٹل اکانومی اور ای کامرس کو خصوصی مراعات دینا ہوں گی۔بزنس کمیونٹی کے ایک وفد سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ سروسز سیکٹر دنیا بھر میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور عالمی سطح پر اس کا آؤٹ پٹ 70فیصد جبکہ عالمی تجارت میں اس کا حصہ 25فیصد ہے۔انہوں نیکہا کہ دنیا کی ایک تہائی ملازمتیں بھی یہی سیکٹر مہیا کر رہا ہے۔ اسلم بھلی نے کہا کہ ہمارے ملک میں سروسز سیکٹر کا حصہ 58فیصد ہے جبکہ یہاں 200کے لگ بھگ بین الاقوامی کمپنیاں کام کر رہی ہیں جن کی سرمایہ کاری 80ارب ڈالرسے بھی زائدہے۔انہوں نیکہا کہ ان اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں بھی سروسز سیکٹر کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں جبکہ ان خدمات کو برآمد کر کے قیمتی زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے جن میں آئی ٹی فنانس، اکاؤنٹنگ، قانونی خدمات، صحت، انجینئرنگ، کال سنٹرز، ٹرانسپورٹ، ہول سیلز، ریٹیل کاروبار، فنانس انشورنس، ہاؤسنگ سیکٹر، سٹوریج اور کئی دوسری نجی سروسز شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی میں نوجوانوں کا حصہ 45فیصد ہے جبکہ بیرون ملک کام کرنے والے ہر سال 30ارب ڈالر کے قریب پاکستان بھیجتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سیکٹر کو ہم ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ہنر مند بنا کر قومی معیشت میں بہتری لا سکتے ہیں تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اداروں کو فوری طورپرجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا ئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی