i معیشت

سندھ میں کیلے کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہتازترین

July 08, 2023

جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے بتایا کہ سندھ میں کیلے کے زیر کاشت رقبہ میں زبردست اضافہ ہو گیاہے جبکہ پنجاب کے1389 ہیکٹرز رقبہ کے برعکس سندھ میں کیلے کی کاشت کارقبہ 32236ہیکٹرز تک پہنچ گیا ہے نیز باغبان کیلے کے نئے پودے لگاکر ڈیڑھ سال میں بہترین پھل حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ اس وقت پاکستان میں کیلے کا زیر کاشت کل رقبہ 34830 ہیکٹرز ہے جہاں سے ایک لاکھ 55ہزار ٹن پیداوار حاصل کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ سندھ میں کیلے کی پیداوار ایک لاکھ 27ہزار 500ٹن اور پنجاب میں 9373 ٹن ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کاشتکار نئے پودے لگانے سے قبل زمین میں 4سے6 مرتبہ ہل چلا کر اسے اچھی طر ح تیار کرلیں اور کیلے کاپودا زمین میں لگانے سے لے کر پھل دینے تک اس کا خاص خیال بھی رکھیں کیونکہ پودے کو آبپاشی کیلئے کافی پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ چونکہ کیلے کے پودے کے پتے بہت لمبے اور چوڑے ہوتے ہیں اسلئے پانی ان کی سطح سے بخارات بن کر اڑتارہتاہے لہٰذا کیلے کے پودے کو گرمیوں میں 3سے7 دن اور سردیوں میں 12 سے15دن کے وقفہ سے آبپاشی کرتے رہناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کیلے کاپودا ڈیڑھ سال میں پھل دینے کے قابل ہوجاتاہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی یا مشاورت کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی