ریونیو ایڈوائزرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عامر قدیر نے کہا ہے کہ ملک کی کامیابی کا راز پیداواری صلاحیت میں چھپا ہے، بہت سے ممالک نے اپنی سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری کی ویلیو ایڈیشن کر کے اسے برآمدی انڈسٹری میں تبدیل کرلیا ہے ، افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان ایسی ایک بھی چیز برآمد نہیں کرتا جس کا دنیا میں ڈنکا بجتاہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمال اینڈ میڈیم انڈسٹریز کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد نے توانائی کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے سمیت دیگرمسائل پر گفتگو کی ۔ عامر قدیر نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کی سوچ کبھی ہماری پالیسی نہیں رہی ، اگر حکومتوں کی یہ سوچ ہوتی تو اس کے لئے طویل المدت پالیسیاں بنائی جاتیں ، برآمدی شعبوں کو سہولیات اور ریلیف دیا جاتا ، پیداواری لاگت کی وجہ سے ہماری مصنوعات عالمی منڈیوں میں مقابلہ نہیں کر سکتیں ، معیار پر ہماری توجہ نہیں ہے،ایسے میں کیسے برآمدات میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری کی ویلیو ایڈیشن کے لئے پبلک پرائیویٹ جوائنٹ ونچر کیا جائے اس کے بعد مصنوعات کی برآمدات پر توجہ مرکوز کی جائے ، مختلف ممالک کی منڈیوں تک رسائی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں جس کے لئے بیرون ممالک سفارتخانوں کو ذمہ داریاں سونپی جائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی