اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدراحسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا اور نومنتخب عہدیداران کو الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی۔چیمبر کے نائب صدر انجینئراظہرالاسلام ظفر، سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، محمد شبیر ملک، راجہ امتیاز عباسی، خالد چوہدری، محمد نوید ملک، سیف الرحمٰن خان، بابر چوہدری اور دیگر وفد میں شامل تھے۔نیشنل پریس کلب کے صدرانور رضا ، سینئر نائب صدر اظہر جتوئی ، نائب صدور غضنفر عباس اور نظیر احمد چرن اور مائرہ عمران ، سیکرٹری خلیل احمد راجہ، فنانس سیکرٹری محترمہ نیئر علی ، جوائنٹ سیکرٹری وقار عباس، محمد اسلم لوڑکا ، طلعت فاروق اور محترمہ شکیلہ جلیل اور دیگر اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے صحافی برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے نیشنل پریس کلب کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوںنے کہا کہ شہر کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے مل جل کر کام کریں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافی برادری کے مسائل کو حل کرنے اور ان کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ تاجروں ، صحافیوں ، وکلا اور مزدوروں کیلئے اسلام آباد کی تمام ہائوسنگ سوسائٹیوں اور سی ڈی اے کی اسکیموں میں رعائتی ریٹ پر دس فیصد کوٹہ مختص کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا تاجر برادری کو درپیش اہم مسائل کو اجاگر کرنے میں مزید فعال کردار ادا کرے جس سے مسائل جلد حل ہوں گے اور کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی مثبت امیج کو فروغ دینے کیلئے کام کرے کیونکہ اس وقت پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے تارکین وطن اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صحافی برادری کے مفادات کے تحفظ کی کوششوں میں چیمبر نیشنل پریس کلب کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔نیشنل پریس کلب کے نومنتخب صدر انور رضا ، سینئر نائب صدر اظہر جتوئی ، سیکرٹری خلیل احمد راجہ اور دیگر نے مبارک باد پیش کرنے کیلئے نیشنل پریس کلب کا دورہ کرنے پر چیمبر کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر براری کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ نیشنل پریس کلب کاروباری شعبے کو درپیش اہم مسائل کو ا جاگر کرنے میں تعاون جاری رکھے گا۔ دونوں اداروں نے معیشت کو درپیش اہم مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ان کو حل کرانے کیلئے مل کر آواز اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ میڈیا کی آزادی یقینی بنا کر اور کاروبار کیلئے مزید سازگار حالات پیدا کر کے ہی پاکستان کی معیشت کو موجودہ مشکلات سے نکالا جا سکتا ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس طرف بہتر توجہ دے۔
آئی سی سی آئی کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیمبر اور نیشنل پریس کلب کے مقاصد مشترکہ ہیں کیونکہ دونوں ادارے اپنے ممبران کے مفادات کے تحفظ کیلئے کام کر رہے ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں کے دورمیان باہمی روابط کو مزید مضبوط کیا جائے تا کہ وہ مشترکہ مقاصد کے حصول اور پاکستان کے کاروباری و اقتصادی مفادات کے بہتر فروغ کیلئے مزید موثر کوششیں کر سکیں۔ چیمبر کے سابق صدراور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ تاجروں، صحافیوں، وکلا اور مزدور یونین کا مشترکہ ایک تھنک ٹینک قائم کیاجائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں چلائی گئی کرپشن کے خلاف مہم نے ملک کا عالمی سطح پر منفی تاثر ابھارنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور اس مہم کی وجہ سے پاکستان معاشی تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے کیونکہ نوجوان نسل کا پاکستان پر اعتماد ختم ہوا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کار بھی پاکستان سے منہ موڑ چکے ہیں۔ لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ کرپشن کے خلاف مہم میں میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے۔ پی ایف یو جی کے صدر اور گروپ لیڈر افضل بٹ نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں سی ڈی اے سمیت دیگر اداروں کے ساتھ مل کر مسائل حل کرانے کی کوشش کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ چیمبر نے نیشنل پریس کلب کے ساتھ مل کر ایک کامیاب آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی تھی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی قومی مفاد کے کاموں میں مل کر کام کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی