i معیشت

شنگھائی ایم جی کیمیکلز کمپنی لمیٹڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کی ڈائز اینڈ کیمیکلز کی مقامی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے فیصل آباد میں اپنا پیداواری یونٹ قائم کرنے کا جائزہ لے رہی ہے، چیئرمین مسٹر ٹین منگ تازترین

August 22, 2023

شنگھائی ایم جی کیمیکلز کمپنی لمیٹڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کی ڈائز اینڈ کیمیکلز کی مقامی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے فیصل آباد میں اپنا پیداواری یونٹ قائم کرنے کا جائزہ لے رہی ہے ۔ یہ بات کمپنی کے چیئرمین مسٹر ٹین منگ منگ نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے دوران ایگزیکٹو ممبر محمد اظہر چوہدری کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ شنگھائی ایم جی کیمیکلز کمپنی ڈائز اینڈ کیمیکلز بنانے والی چین کی تیسری بڑی کمپنی ہے جو دوسرے ملکوں میں اپنے پیداواری یونٹ قائم کرنے کا جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے قریبی اور دوستانہ تعلقات کی وجہ سے پاکستان اُن کی اولین ترجیح ہے جبکہ ٹیکسٹائل کے اہم ترین سیکٹر کی وجہ سے وہ اپنا پیداواری یونٹ فیصل آباد میں لگانے کو ترجیح دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ یونٹ جوائنٹ وینچر کے طور پر بھی لگایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ادارہ جو ٹیکنالوجی استعمال کر رہا ہے وہ انتہائی محفوظ اور ماحول دوست ہے۔ انہوں نے اپنے گزشتہ دورے کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان نے زبردست ترقی کی ہے اور اب یہ ملک غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے انتہائی موزوں بن چکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جدید یونٹ پاکستان کی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ اپنی فاضل پیداوار کو برآمد بھی کر سکتا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں اپنے لاہور اور فیصل آباد کے دورے کو انتہائی کامیاب قرار دیا اور بتایا کہ اس سے انہیں جلد فیصلہ کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے محمد اظہر چوہدری کو شنگھائی کے دورے کی دعوت بھی دی۔ مسٹر ٹین منگ منگ کے ہمراہ محترمہ پولی وانگ بھی موجود تھیں۔ ایگزیکٹو ممبر محمد اظہر چوہدری نے صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری ڈاکٹر خرم طارق کی طرف سے چینی مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور بتایا کہ فیڈمک میں ملک کی سب سے بڑی صنعتی اسٹیٹ قائم کی گئی ہے جہاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دس سال کیلئے ٹیکس ہالی ڈے کی سہولت بھی مہیا کی جا رہی ہے۔ اظہر چوہدری نے بتایا کہ اس وقت بھی بہت سی چینی کمپنیاں فیڈمک میں کام کر رہی ہیں جبکہ ٹیکسٹائل ڈائز اینڈ کیمیکلز کے یونٹ کے قیام سے اِن درآمدی اشیاء کی مقامی طور پر سپلائی میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ چین میں مہنگی افرادی قوت کی وجہ سے فیصل آباد چینی سرمایہ کاروں کیلئے انتہائی موزوں جگہ ہے جبکہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق فیڈمک کے بورڈ کے بھی مستقل رکن ہیں اور اس طرح وہ اِن کے متعلقہ مسائل کو فوری اور ترجیحی طور پر حل کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے مسٹر ٹین سے کہا کہ ڈائز اینڈ کیمیکلز کی تیاری کیلئے استعمال ہونے والا زیادہ تر خام مال مقامی طور پر دستیاب ہے جبکہ وہ اس سلسلہ میں اُن کو متعلقہ فیکٹریوں کی تفصیلات بھی مہیا کر سکتے ہیں۔ محمد اظہر چوہدری نے بتایا کہ چین کے کینٹن فیئر میں شرکت کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بھی ایک وفد تشکیل دے رہا ہے جبکہ اس سلسلہ میں وہ بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ کے کمرشل آفیسر غلام قادر سے رابطہ میں ہیں اور آج اس سلسلہ میں اُن سے آن لائن میٹنگ بھی ہو رہی ہے ۔ اس موقع پر حافظ راشد محمود، محمد اعجاز اور محمد عرفان بھی موجود تھے۔ اس سے قبل محمد اظہر چوہدری نے مسٹر ٹین کو پھولوں کا گلدستہ اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی