i معیشت

سعودی تیل کمپنی نے منافع کمانے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالاتازترین

August 16, 2022

سعودی عرب کی سب سے بڑی تیل کمپنی سعودی آرامکو نے سنہ 2022کی دوسری سہ ماہی میں 48ارب 40کروڑ ڈالر کا منافع کما کر اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ہے،یہ سالانہ بنیادوں پر 90فیصد اضافہ ہے اور توانائی برآمد کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی کی اب تک کی سب سے بڑی آمدنی ہے، برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے تیل اور گیس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے،روس دنیا میں تیل کے سب سے بڑے برآمد کنندگان میں سے ہے مگر مغربی ممالک نے توانائی کے لیے روس پر انحصار کم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، اس سعودی کمپنی کے منافعے کی رقم سٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ کسی بھی کمپنی کا سب سے بڑا سہ ماہی منافع ہے،ریکارڈ منافع کے علاوہ اس سرکاری کمپنی نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ تیسری سہ ماہی میں اپنے ڈیویڈینڈ کی رقم 18.8ارب ڈالر ہی رکھے گی اور کوئی تبدیلی نہیں کرے گی،کمپنی کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ طلب کو پورا کرنے کے لیے اپنے آپریشنز میں وسعت لاتی رہے گی،آرامکو کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو امین نصر نے کہا کہ 'جہاں عالمی مارکیٹ میں عدم استحکام اور اقتصادی غیر یقینی اب بھی موجود ہے وہیں اس سال کے پہلے نصف میں ہونے والے واقعات سے ہمارے اس موقف کو تقویت ملتی ہے کہ ہماری صنعت میں سرمایہ کاری کا جاری رہنا منڈیوں میں رسد کی وافر فراہمی اور متبادل توانائی کی جانب ہموار انداز میں منتقلی یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے،انھوں نے کہا کہ درحقیقت انھیں توقع ہے کہ تیل کی طلب میں منفی معاشی پیش گوئیوں کے باوجود اگلی ایک دہائی تک اضافہ ہوتا رہے گا۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی