i معیشت

رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں خواتین کیلئے کام کرنے کے بہت سے مواقع موجود ہیں،روبینہ امجدتازترین

December 06, 2022

رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں خواتین کیلئے بطور ایجنٹ، ڈویلپر ، انٹرئیر ڈیکوریٹرز اور دیگر متعلقہ شعبوں میں کام کرنے کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔ اس بات کا اظہار صدر فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری روبینہ امجد نے ''Boss Ladies Expo 2022 '' کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو کہ فیصل آباد وومن چیمبر نے فیصل آباد چیمبر کے آڈیٹوریم میں منعقد کی۔ انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر خواتین کیلئے ایک منفرد اور پوٹینشل سیکٹر ہے اور فیصل آبادوومن چیمبر خواتین کیلئے اس سیکٹر میں کام کرنے کیلئے Pioneerکا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدیوں سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر زیادہ تر مرد حضرات کے ہاتھ میں ہے جس میں اس غیر روایتی سیکٹر میں خواتین کی شمولیت مشکل امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر جس کا حجم تین سے چار سو ڈالر ہے ملکی جی ڈی پی میں اس کا حصہ تقریباً 6فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حوصلہ افزا ہے کہ خواتین کا کردار اس سیکٹر اور کنسٹرکشن انڈسٹری میں بتدریج بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں 63%خواتین بطور ایجنٹ کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ gender inequalityکا مسئلہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں حل ہونا چاہیے۔ پاکستان میں خواتین کو اس سیکٹر میں بھر پور کام کرنے کا موقع مہیا کرنا چاہیے اور یہ تاثر کہ یہ مردوں کا ہی سیکٹر ہے جوکہ بتدریج زائل ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں ہر سال ہماری نوجوان خواتین گریجویٹ ہو رہی ہیں اور یہ سیکٹر کیئریر Advancementمیں کافی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ ایکسپو کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر میاں محمد ادریس نے فیصل آباد وومن چیمبر کی صدر کی اس منفر د سیکٹر میں خواتین کے کردار کو بڑھانے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے ایک نیا ایریا ہے جن میں اُن کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے اور انہیں تجربہ ، علم اور initiativeلینا چاہیے تاکہ اپنی صلاحیت کو اس منفرد ایریا میں بروئے کا ر لا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان مرد حضرات کیلئے ایک پیغام بھی ہے جو کہ خواتین کی صلاحیتوں سے واقف نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی معیشت میں خواتین کا بہت بڑا کردار ہے جبکہ انہوں نے علاقائی معیشتوں سری لنکا، بنگلہ دیش ، انڈیا اور چائنا وغیرہ کی مثال دی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کو بار بار ایسی ایکسپو کا انعقاد کرنا چاہیے۔

ایکسپو سے فیصل آباد چیمبر کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے بھی خطاب کیا اور حاضرین میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ اس موقع پر انجینئر بابر اکرم پراجیکٹ ہیڈ واپڈا سٹی نے رئیل اسٹیٹ کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ کس طرح واپڈا سٹی کا آغاز 1995ء میں کیا جس میں 2500فیملیز رہائش پذیر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ پراجیکٹ میں کوالٹی Sustainability اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کو ضرور مدنظر رکھنا چاہیے اور اس میں گائیڈنس اور معلومات کی فراہمی آفر کی۔ ایکسپو میں پینل ڈسکشن کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں محترمہ ارم ریاض، محترمہ سدرہ حسین، محترمہ علینا کاظمی ، محترمہ مریم عاطف، محترمہ رخسانہ کوثر ، محترمہ مریم وقاص اور محترمہ مہوش زارا خاںنے حصہ لیا جبکہ Olay Eventoنے اس کو Conductکیا ۔ ایکسپو میں خواتین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی