آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن (اپٹپما) کے چیئرمین شیخ اصغر علی قادری نے نئی انڈسٹری لگانے کیلئے این او سی کے اجرا کا پرانا نظام بدل کر30دن میں ون ونڈو آپریشن کے ذریعے این او سی کے اجرا کے اعلان کوخوش آئندقرار دیا ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے بڑا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت محکمہ صنعت و تجارت میں خصوصی سیل قائم ہوگا اورنئی انڈسٹریز لگانے کیلئے این او سی کے اجرا کا پرانا نظام بدلے گا جس کے بعد اب 30دن کے اندر ون ونڈو آپریشن کے ذریعے این او سی دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہونے سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گااور صوبہ میں نئی انڈسٹریز کا قیام عمل میں آنے سے لاکھوں لوگوں کو روزگار مہیا ہوگا جس سے صوبہ سے بیروزگاری کے خاتمہ سمیت نئی صنعتوں کے قیام سے صوبہ خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب مل کر آئی ایم ایف سے نجات کیلئے مشترکہ کوششیں یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور عسکری قیادت کا معیشت کی بہتری کیلئے ایک پیج پر ہونا انتہائی خوش آئند ہے لیکن عوام کو بھی معاشی ریلیف کی فراہمی ممکن بنانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں زراعت کی ترقی کیلئے جو اعلانات کئے گئے ہیں وہ بھی خوش آئند ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت زراعت پر توجہ مرکوز کر لے تونہ صرف ہمارا درآمدی بل کم ہو سکتا ہے بلکہ پاکستان برآمدات بڑھا کر اربوں ڈالربھی کما سکتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی