نٹ ویئر کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر9فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں نٹ ویئرکی برآمدات سے ملک کو3.39ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 9فیصد کم ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں نٹ ویئر کی برآمدات سے 3.73ارب ڈالرکا زرمبادلہ حاصل ہوا۔مارچ میں نٹ ویئرکی برآمدات کا حجم 311ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں 27فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال مارچ میں نٹ ویئرکی برآمدات کا حجم 425ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔فروری کے مقابلے میں مارچ میں نٹ ویئر کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر12فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔ فروری میں نٹ ویئر کی برآمدات کا حجم 277ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو مارچ میں بڑھ کر311ملین ڈالر ہوگیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی