چیئر مین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن فیصل آباد اعجاز احمد ناگرہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد جلا گھیرا اور پرتشدد کاروائیاں افسوسناک ہیں۔ ملکی سیاست میں عدم برداشت اور بہتان تراشی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے جو ملکی سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔کچھ رہنما بازاری زبان استعمال کررہے ہیں جبکہ تحمل، برداشت اور رواداری ختم ہو گئی ہے۔سیاسی مخالفین اور اہم اداروں پر رکیک حملے جاری ہیں اور مسلسل دروغ گوئی سے عوام کو مشتعل کیا جا رہا ہے جس سے معاشرہ تباہ ہورہا ہے۔ کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال قابل قبول نہیں کیونکہ تشدد سے معاشرہ تباہ اورملک میں جنگل کا قانون رائج ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اہم اداروں کے اعلی افسران پرمن گھڑت الزامات لگانے کا سلسلہ جاری ہے جو ملکی سلامتی کے لیے خطرناک ہے۔گزشتہ ایک سال سے بعض سیاستدان اپنے سیاسی مفادات کے لئے فوج اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کے اعلی افسران پر مسلسل الزامات عائد کر رہے ہیں مگر ان کی جانب سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا رہا ہے۔ اگران اداروں کے افسران نے خلاف قانون کام کئے ہیں تو انھیں اسکی سزا ملنا ضروری ہے مگراس کا فیصلہ سڑکوں پر نہیں بلکہ عدالتوں میں ہوتا ہے مگرالزامات کی سیاست کرنے والے قانونی کاروائی سے گریز کر رہے ہیں جو ناقابل فہم ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی گرفتاری پر پرتشدد احتجاج، ہنگامہ آرائی اور حساس مقامات پر حملے انتہائی افسوسناک ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی