ملک میں مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر 1.53 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ' پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 3 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے میں روزمرہ استعمال کی 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ 23اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے دوران سرسوں کے تیل کی قیمت میں 1.63فیصد 'چکن 1.40 ' ایک کلو بناسپتی گھی 0.51 فیصد ' ڈھائی کلو بناسپتی گھی 0.36 فیصد ' دال چنا 0.22 فیصد ' آٹا 0.20 فیصد اور دال مونگ کی قیمت میں 0.03 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس ٹماٹر کی قیمت میں 16.85 فیصد ' سرخ مرچ پائوڈ 7.58 فیصد ' لہسن 5.71 فیصد ' پیاز 5.50 فیصد ' خشک دودھ 5.17 فیصد ' انڈے 3.86 فیصد' باسمتی چاول 2.06 فیصد ' ایل پی جی 9.82 فیصد ' پیٹرول 7.86 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 7.82 فیصد کا اضافہ ہوا' سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریہ میں 0.82 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا' 17733 روپے سے لیکر 22888 روپے ' 22889 روپے سے لیکر 29517 روپے ' 29518 روپے سے لیکر 44175 روپے اور اس سے زیادہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریہ میں بالترتیب 0.92 فیصد ' 0.97 فیصد ' 1.11 فیصد اور 1.53 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔صارفین کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریہ کا تعین ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیشی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی