جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا کہ ہمیں خوردنی تیل، دالوں، سویا بین اور گندم کی درآمد کم کرنے کے لیے اقدامات کرناہوں گے۔انہوں نے بیجوں کی نئی اقسام کی تیاری بارے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ہمارے زرعی سائنسدان بہترین بیجوں کی اقسام متعارف کروا رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے چند وجوہات کی بنا پر کاشتکار تک اس کی رسائی انتہائی محدود ہے۔انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ کاشتکار برادری کے مسائل اور خوراک کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ چین اور امریکا سمیت تمام ممالک فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سائنسدانوں کو تحقیقی عمل میں دن بدن ہونے والی ایڈوانسمنٹ سے آگاہ رہنے کے لیے مسلسل کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو معیاری بیجوں کی دستیابی مسئلہ بن چکا ہے جو کہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے حصول میں بھی بڑی رکاوٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ماہرین زراعت کے جدید رجحانات اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے تما م ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی برصغیر پاک و ہند کی اولین زرعی دانش گاہ ہونے کے ناطے ملکی زرعی ترقی کے حصول میں بہترین افرادی قوت، تحقیقات اور آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی