i معیشت

معیشت کے فروغ کے لیے زرعی شعبہ میں سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے،نائب صدر کسان بورڈ فیصل آبادتازترین

July 22, 2023

پاکستان کسان بورڈ فیصل آباد کے نائب صدر میاں ریحان الحق نے کہا کہ ملک کی 58فیصد آبادی کو اس وقت غذائیت سے بھر پور خوراک میسر نہیں لہٰذا تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کوپوراکرنے اور فوڈ سکیورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کرناہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آبادی کی شرح میں زبردست اضافہ ہو رہاہے جس کے باعث پاکستان کی آبادی آئندہ 20برسوں میں بڑھ کر دو گنا ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں سرمایہ کاری سے پوری معیشت آگے بڑھ سکتی ہے اور دیہی ترقی اور بیروزگاری ختم کرنے میں حکومتی کوششیں مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو بنی نوع انسان کی بہتری کے لیے بروئے کار لانے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ اس اقدام سے ہی مستقبل کے چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جینیاتی فصلیں مستقبل میں بہترین غذائی پیداوار کی ضامن ہو سکتی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی