i معیشت

کپاس کے کھیت میں 24 گھنٹے سے زیادہ دیرتک پانی کھڑارہنے سے فصل کی بڑھوتری رک جاتی ہے،ماہرین آریتازترین

July 15, 2023

ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل ١باد کے ماہرین زراعت نے کہاکہ زیادہ بارشیں کپاس کے پودے پر منفی اثرات مرتب کرنے سمیت پودوں کی غیر ثمر دار بڑھوتری میں تیزی لانے کاموجب بن سکتی ہیں لہٰذا کاشتکار پودے مرجھانے سے بچانے کیلئے 48گھنٹوں کے اندر اندر پانی کانکاس یقینی بنائیں۔کاشتکاروں کے نام پیغام میں انہوں نے کہاکہ کپاس کے کھیت میں 24گھنٹے سے زیادہ دیر تک پانی کھڑارہنے سے فصل کی بڑھوتری رک جاتی ہے لہٰذاکاشتکار پودے مرجھانے سے بچانے کیلئے 48 گھنٹوں کے اندر اندر پانی کانکاس یقینی بنائیں۔انہوں نے بتایاکہ اگر 24 سے48 گھنٹوں تک بارش کا پانی کپاس کے کھیت میں کھڑارہے تو پودے مرجھانا شروع ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ فصل کو زیادہ پانی کے نقصان سے بچانے کیلئے کپاس کے کھیت میں کھڑاپانی کسی خالی نچلے کھیت میں نکال دیاجائے اور اگر قریب ہی کماد کی فصل کاشت ہو اور اس میں پانی ڈالا جاسکتاہو تو اس کھیت میں پانی ڈال کر اس کے مفید نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر پانی کپاس کے کھیت سے باہر نہ نکالاجاسکتاہو تو کھیت کے ایک طرف لمبائی کے رخ کھائی کھود کر پانی اس میں جمع کردیاجائے۔انہوں نے کہاکہ کپاس کے کھیتوں کے اندر اور باہر دوسری نظر انداز جگہوں پر جڑی بوٹیوں کی بھرمار ہو جاتی ہے جس کے نتیجہ میں نقصان رساں کیڑوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو جاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار موسم برسات کے دوران کسی غفلت کامظاہرہ نہ کرے اور اس ضمن میں ماہرین زراعت کی رہنمائی سے استفادہ یقینی بنائیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی