i معیشت

کماد کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے 2 ارب73 کروڑ روپے کی لاگت سے قومی پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے، محکمہ زراعت پنجابتازترین

August 22, 2023

محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کماد کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے 2 ارب73 کروڑ روپے کی لاگت سے قومی پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔اس پروگرام کے تحت ستمبر کاشتہ کماد میں مخلوط و چپ بڈ ٹیکنالوجی کی کاشت کے لئے سرگودھا،بھکر،فیصل آباد،ٹوبہ ٹیک سنگھ،منڈی بہاؤالدین،مظفرگڑھ،قصور،راجن پور،لیہ،بہاولپور،رحیم یار خان،جھنگ اور چنیوٹ کے اضلاع کے کاشتکاروں سے درخواستیں مطلوب ہیں۔اس پروگرام کے تحت حکومت پنجاب کی طرف سے ایک ایکڑ کاشت کے لئے 5 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی ۔ایک کاشتکار پراجیکٹ پیریڈ کے دوران صرف ایک مرتبہ زیادہ سے زیادہ5 ایکڑ پر سبسڈی حاصل کر سکتا ہے۔درخواست دہندہ کا محکمہ زراعت کے پاس رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے۔ کماد کے کاشتکاررجسٹریشن کے لئے متعلقہ دفتر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) رابطہ کریں۔درخواستیں تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع) کے دفتر میں وصول کی جائیں گی اور مکمل جانچ پڑتال کے بعد قرعہ اندازی کی جائے گی۔درخواست دہندہ قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے کے بعد محکمانہ سفارشات کے بعد کاشت کا پابند ہو گا۔اس ضمن میں کاشتکار درخواست فارم متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع) یا زراعت آفیسر(توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کر سکتے ہیں یا محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹwww.agripunjab.gov.pkسے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔فارم کی فوٹو کاپی بھی قابلِ قبول ہو گی۔کاشتکار مکمل شرائط کے مطابق مکمل کر کے اپنی درخواستیں 4 ستمبر2023 تک جمع کروا سکتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی