جامع اور پائیدار ترقی کیلئے پاکستان کوعالمی معیشت سے براہ راست منسلک کرنا ضروری ہے جس کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگاتاکہ پاکستانی برآمدات کو بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اورغیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ترسیلات زر میں بھی اضافہ کیا جا سکے۔یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے چیئرمین رضوان سلہریا کی قیادت میں فیصل آباد کا دورہ کرنے والے انٹر نیشنل بزنس اینڈ پروفیشنل کارپوریشن کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہی جس میں کارپوریشن کے وائس چیئرمین شفیق قریشی، جنرل سیکرٹری عاصم یوسف، ایف ایم سی لاجسٹکس اسامہ حفیظ اور ایف ایم سی لاجسٹکس محترمہ لورین رائٹ بھی شامل تھیں۔ڈاکٹر خرم طارق نے موجودہ حالات میں اس وفد کی آمد کو تازہ ہوا جھونکا قرار دیا اور کہا کہ فیصل آباد چیمبر بھی اپنے ویزوں کی پروسیسنگ کیلئے ان کی خدمات حاصل کر سکتا ہے۔
رضوان سلہریا نے بتایا کہ وہ ایک پلیٹ فارم پر مختلف نوعیت کی سہولیات مہیا کر رہے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر کے ممبروں کو ترجیحی بنیادوں پر مفت مشورے بھی دئیے جا سکتے ہیں تاکہ اُن کی درست سمت میں راہنمائی کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اُن کی کارپوریشن فیصل آباد چیمبر کے ممبروں کو برطانیہ میں کمپنی بنانے، اکاؤنٹ کھلوانے سے لے کر دیگر نوعیت کی سہولتیں مہیا کر رہی ہے جبکہ اُن کا اپنا وئیر ہاؤس بھی ہے۔ اس موقع پر وفد کے دیگر ارکان نے بھی مختلف شعبوں کے حوالے سے الگ الگ بریفنگ دی جبکہ سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی۔آخر میں صدر ڈاکٹر خرم طارق نے رضوان سلہریا کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزاز ی شیلڈ پیش کی۔اس موقع پر نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی، شیخ شاہد احمد، محمد ارشد، محمد یوسف،احتشام اقبال، محمد طیب، شفیق حسین شاہ، فیصل علی رانا، غلام حسین، ذیشان گچھا، وسیم یونس، شیخ رشید، رانا عبدالغفور، صابر علی، آفتاب احمد بٹ اور محمد عاصم رانا بھی موجود تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی