نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ڈیفالٹ کی لٹکتی ہوئی تلوارمعیشت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ ہزاروں کنٹینرز پورٹس پر کلیئرنس کے منتظر ہیں مگر زرمبادلہ نہ ملنے کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں اور امپورٹرز کو لاکھوں روپے روزانہ کے ڈیمرج اور ڈیٹنشن چارجز ادا کرنے پڑ رہے ہیں، مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے جو آئی ایم ایف کے پروگرام کی بحالی کے بغیر ممکن نہیں۔ الیکشن سر پر ہونے کی وجہ سے حکومت مشکل فیصلے نہیں کر رہی جس سے صورتحال مزید بد تر ہوتی جا رہی ہے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت معاشی اور مالی بحران کا شکار ہے جس کا زیادہ ملبہ روس اور یوکرین کی جنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر ڈالا جا رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی