i معیشت

حکومتی کارروائیاں ہوا ہوگئیں' متعدد شہروں میں پٹرول کی مصنوعی قلت برقرارتازترین

February 09, 2023

حکومت کی جانب سے کارروائیوں کی تمام تر یقین دہانیاں ہوا ہوگئیں اور متعدد شہروں میں پٹرول کی مصنوعی قلت تاحال برقرار ہے جب کہ پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر زیادہ منافعے پر فروخت کیلئے پیدا کی گئی لالچی قلت مزید کئی شہروں تک پھیل چکی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصل آباد، سرگودھا، بہاولنگر، کمالیہ، نارووال، شکرگڑھ، گوجرہ، منڈی بہاء الدین، خوشاب اور گوجرانوالہ کے بعد لاہور بھی پیٹرول کی فرضی قلت پیدا کردی گئی ہے اور شہر میں کئی پیٹرول پمپس بند ہوچکے ہیں، کھلے ہوئے پیٹرول پمپوں پر موٹرسائیکل والوں کو 400 روپے اور کار والوں کو 4 ہزار سے زیادہ کا پیٹرول دیا جارہا ہے جب کہ دیگر شہروں میں بھی جو پیٹرول پمپس کھلے ہیں وہ موٹر سائیکل والوں کو 200 روپے کا پیٹرول فراہم کر رہے ہیں اور گاڑی والوں کو 500 روپے کا پیٹرول دیا جا رہا ہے۔خیال رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ملک کے کئی شہروں میں پیٹرول اور ڈیزل کے مصنوعی بحران پر چیف سیکرٹری پنجاب کو فوری کارروائی کا حکم دیا تھا، اوگرا نے چیف سیکرٹری پنجاب کو فوری کارروائی کیلئے مراسلہ لکھا، اس ضمن میں اوگرا نے کہا کہ مارکیٹ میں مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کی فہرست فراہم کردی، مصنوعی بحران میں مارکیٹ انٹیلیجنس کے ذریعے فہرستیں مرتب کی گئیں۔

اوگرا کی جانب سے کہا گیا کہ پنجاب میں غیرقانونی اسٹوریج، گوداموں پر چھاپوں کی ہدایت کر دی، صوبے میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے اور اسٹوریجز چیک کرنے کیلئے انفورسمنٹ ٹیمیں بھی تشکیل دے دیں ہیں۔ جب کہ وفاقی وزیرپیٹرولیم مصدق ملک بھی کہہ چکے ہیں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرکے مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹیں گے، تیل کی قیمت کسی صورتحال میں نہیں بڑھائی جا رہی، تیل کی قیمت عالمی منڈی کے مطابق مقررہ وقت پر تبدیل ہوگی، ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی کمی نہیں ہے، پیٹرول کی بندش پر خبریں نشر ہو رہی تھیں، ملک میں اس وقت 29 دن سے زیادہ کا فیول موجود ہے، عوام کیلئے پیٹرول، گیس اور بجلی کی فراہمی کے تسلسل کو یقینی بنارہے ہیں، پیٹرول ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، پیٹرول ذخیرہ کرنے والوں کے لائسنس کینسل کریں گے۔بتاتے چلیں کہ اس سے قبل یکم فروری سے پہلے بھی پنجاب کے بیشتر شہروں میں پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی تھی اور وزیر خزانہ اسحق ڈار کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے ساتھ ہی یہ قلت ختم ہوئی ملک بھر میں وافر مقدار میں پٹرول کی فراہمی شروع ہوگئی جب کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اس وقت پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کیلئے پمپس کی بندش کیخلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا، اوگرا حکام نے کہا تھا کہ پیٹرول پمپ بند رکھنے والوں کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے، اس حوالے سے صوبائی چیف سیکریٹریز کے ذریعے ضلعی انتظامیہ کی مدد حاصل کی جا رہی ہے، پیٹرول پمپس کی بندش کے معاملے کو جلد نمٹایا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی