محکمہ زراعت پنجاب نے مارکیٹ میں کالے رنگ کی غیر منظور شدہ گندم فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیاہے، اس ضمن میں کاشتکاروں کو انتہائی محتاط رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔نظامت زرعی اطلاعات کے ترجمان کی جانب سے کاشتکاروں کو آگاہ کیاگیاہے کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کی آئی ایس او سرٹیفائیڈ لیبارٹری میں کالے رنگ کی گندم کے تجزیے کے مطابق اس کی اضافی خصوصیات اور غذائیت کے متعلق دعویٰ بالکل غلط اور بے بنیاد ہے اس لئے کاشتکار مفاد پرست عناصر اور منافع خوروں کے دھوکے میں نہ آئیں اور گندم کی صرف منظور شدہ اقسام ہی کاشت کریں۔انہوں نے کہا کہ گندم کی منظور شدہ اقسام کامعیاری بیج پنجاب سیڈ کارپوریشن اور پرائیویٹ کمپنیوں سے دستیاب ہے لہٰذا کاشتکار معیاری بیج کی کاشت ہی یقینی بنائیں تاکہ بعدازاں انہیں کسی نقصان، مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی