i معیشت

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کو صنعتوں میں بجلی کے ذمہ دارانہ استعمال کی ترغیب دینے کیلئے جامع اور مرتکز حکمت عملی اختیار کرنا ہو گیتازترین

December 06, 2022

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کو صنعتوں میں بجلی کے ذمہ دارانہ استعمال کی ترغیب دینے کیلئے جامع اور مرتکز حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی تاکہ بجلی کے بل میں کمی کے ساتھ ساتھ اس کے ضیاع کو بھی روکا جا سکے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے ریسر چ اینڈ ڈویلپمنٹ کے بارے میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین انجینئر احمد حسن کی کاوشوں کو سراہا مگر کہا کہ اُن کی انفرادی کوششوں کی وجہ سے صنعتوں پر مطلوبہ اثرات منتقل نہیں کئے جا سکتے جس کی وجہ سے اِن میں نئی ٹیکنالوجی کو اپنا نے کی خواہش پیدا کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا س حوالے سے ہمیں دائرہ کار کا تعین کرنے کے بعد اپنی پوری توجہ اس شعبہ میں نئی ٹیکنالوجی کو رائج کرنے پر دینا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ صنعتوں میں بجلی کا بے دردی سے ضیاع ہو رہا ہے جس کو روک کے انرجی آڈٹ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مفت سہولت مہیا کرنے کی مخالفت کی اور کہا کہ صرف سنجیدہ صنعتکاروں کو معمولی فیس پر یہ سہولت مہیا کرنے سے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہماری کوششوں سے دس کمپنیوں نے دس فیصد بجلی بھی بچا لی تو یہ بہت بڑی کامیابی ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ انرجی آڈت کیلئے مہنگے انرجی اینا لائزز کی بجائے دو ہزار کے معمولی خرچ سے 95فیصد تک مطلوبہ مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں قومی سطح کی کوششوں کیلئے پلاننگ کمیشن سے مربوط رابطوں کی ضرورت ہو گی۔ منصوبہ بندی کے فقدان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جانے والے 70فیصد لوگوں کا ای سی جی کیا جاتا ہے جبکہ اِن میں سے بہت سے مریضوں کو اس کی ضرورت ہی نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ اس انسٹیٹیوٹ میں پرائمری اور سیکنڈری سطح سے ہو کر آئے مریضوں کو ہی دیکھا جانا چاہیے مگر وہ پہلے مرحلہ میں ہی اس سپیشلائزڈ انسٹیٹیوٹ پہنچ جاتے ہیں جس سے حکومتی وسائل ضائع ہوتے ہیں۔ سٹی ڈویلپمنٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس اہم کام کے ذمہ دار اداروں کو سرے سے اپنے مقاصد کا علم ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند سال قبل زیر زمین پانی 50فٹ پر دستیاب تھا جبکہ ہم اس قدر تی وسیلے کو بے دریغ استعمال کر کے اس کو 150فٹ کی گہرائی تک لے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عملی طور پر ایسے اقدامات اٹھانے ہونگے کہ موجودہ نسل زیر زمین پانی کی سطح کو ایکوافر چارج کے ذریعہ کم از کم دس فٹ تک بلند کر سکے۔ انہوں نے شہر کی ائیر کوالٹی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کو بھی بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے ہمیں شجرکاری میں ٹری کور(Tree Cover) کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کیلئے تعلیم ، آگاہی اور تربیت دینے کیلئے ورکشاپس منعقد کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے نوجوان کاروباری افراد کی تربیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ منتخب نوجوانوں کو تربیت کا بندوبست کیا جا سکتا ہے ۔

اس مقصد کیلئے پلان نائن موجود ہے جس کے تحت نو آموز کاروباری افراد اپنے انوکھے اور اچھوتے تخیلات کو عملی شکل دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کو شروع کرنے کیلئے وینچر کیپٹل فنڈ بھی قائم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کیلئے چیمبر میں الگ جگہ مختص کرنے کا بھی عندیہ دیا جہاں اُن کو اچھے ماحول کے ساتھ ساتھ دیگر سہولتیںبھی مہیا کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے چیمبر کے تشخص کی مؤثر تشہیر کیلئے سوشل میڈیا ڈیسک قائم کرنے کی بھی تجویز پیش کی۔ سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے بتایا کہ توانائی کی بچت کیلئے پمفلٹ اور چھوٹے چھوٹے ویڈیو کلپ بھی چلائے جا سکتے ہیں۔ اس موقع پر انجینئر احمد حسن نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ مجتبیٰ حسن نے کہا کہ عالمی سطح پر نئی ایجادات کی نقل کر کے اس سے مقامی صنعت کو فائدہ پہنچانے کی بھی کوشش کی جانی چاہیے۔


کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی