چیئرمین اپپٹما فیصل آباد ریجن حافظ شیخ محمداصغر قادری نے اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈسٹریز تباہی کے کنارے پر کھڑی ہے ایک طرف کنٹینرز رکے ہوئے ہیں تو دوسری طرف را میٹریل کی نئی ایل سیز اوپن نہیں ہورہی ہے۔15 جنوری 2023 سے گیس کی بندش کا حکومتی فیصلہ ملک کے لئے خطرناک ثابت ہوگا۔توانائی کامسئلہ' قرضوں کا انتظام' گردشی قرضہ جات اور مالیاتی خسارہ ان بڑے چیلنجز کی وجہ سے صنعتکاروں اور تاجروں کو بھاری قیمت چکانا پڑ رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے اپپٹما کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سابقہ سنٹرل چئیرمین شیخ محمد امجد،سینئر ممبر میا ں عبدالطیف، سابقہ ریجنل چیئرمین چوہدری حبیب احمد، شیخ شاھد جاوید، محمد احمد، ممبران ایگزیکٹو کمیٹی غلام جیلانی، بشارت علی، نوید منیر اور سینئر ممبران باؤ محمد اکرم، عبدالقیوم، عبدالغفار، بلال احمد، محمد نعمان، محمد عمران، مرتضٰی نذیر و دیگر ایگزیکٹو موجودتھے۔انہوں نے کہا کہ حکومت رکے ہوئے کنٹینر زکی بحالی سمیت نئی ایل سیز اوپن کرنے کے لئے فوری اور بروقت اقدامات کرے تاکہ انڈسٹریز کا پہیہ رواں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی سمیت دیگر چیلنجز ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں جوانڈسٹریز کی تباہی کا سبب بن رہے ہیں۔ انہوں نے جنوبی کوریا' سنگاپور' ملائشیا سمیت بنگلہ دیش جیسے ممالک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے مسلسل اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے برآمدات میں ترقی کی اور پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے موثر پالیسیوں پر عملدرآمد کرے ورنہ ملک میں بے روزگاری'مہنگائی اور معیشت کی بحالی کا ایسا طوفان آئے گا جسے سنبھالنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہو جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی