فضائی آلودگی کا خاتمہ اور ماحول کا تحفظ ہم سب کی اجتماعی قومی ذمہ داری ہے لیکن نئے صوبائی قوانین کی آڑ میں پہلے سے ہی بحران زدہ صنعتی شعبہ کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیاتی تحفظ کی زیر قیادت ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہو ں نے کہا کہ فضائی آلودگی میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے اور اس سلسلہ میں ممنوعہ اور مضر رساں ایندھن کو جلانے کے سب مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تحفظ ماحولیات کے پاس وسائل نہیں اور وہ صرف پاکستان پورٹل یا دوسرے ذرائع سے ملنے والی شکایات پر ایکشن لیتا ہے جبکہ اسے اپنے سسٹم کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کی سب سے بڑی وجہ ٹرانسپورٹ ہے مگر بوجہ اس شعبے کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی اور اگر کارروائی کی بھی جاتی ہے تو یہ محض دکھاوے کیلئے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر آلودگی کی وجہ سے خاص طور پر موٹر سائیکل چلانے والے سانس اور پھیپھڑوں کے مرض کا شکار ہیں جس کو روکنے کیلئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے آلودگی پر قابو پانے کیلئے صنعتکاروں اور محکمہ کے درمیان قریبی رابطوں پر بھی زور دیا اور کہا کہ ہم مل بیٹھ کے بہت سے مسائل کو حل کر سکتے ہیں تاہم قانونی سقم کو دور کرنے کیلئے بھی پالیسی سازوں سے بات چیت کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کو نئے قانون کے بارے میں آگاہی دینے کیلئے بہت جلد الگ میٹنگ کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ نئے قانون کو چیمبر کے ممبروں میں سر کولیٹ بھی کیا جائے گا۔ اس سے قبل محکمہ تحفظ ماحولیاتی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نواز خاں سیال نے فیصل آباد میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پہلے صنعتکار ٹائر، پرانے جوتے ، پلاسٹک اور اس قسم کی دیگر مضرر رساں اشیاء جلاتے تھے جبکہ اب صنعتوں میں میڈیکل ویسٹ جلانے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے جو ماحول کے ساتھ ساتھ انسانوں کیلئے بھی انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی سے پاس ہونے والے حالیہ بل کی بعض شقوں کی بھی وضاحت کی اور کہا کہ وہ کسی قسم کی تعزیری کارروائی سے قبل متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کو ضروری سمجھتے ہیں اور فیصل آباد چیمبر آنے کا مقصد بھی یہی ہیکہ متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔ اس موقع پر نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی ، سائزنگ ایسوسی ایشن شکیل احمد انصاری اور فونڈری ایسوسی ایشن کے میاں اشفاق اشرف ، حاجی عبدالرئوف اور دیگر ممبران بھی موجود تھے جنھوں نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی