i معیشت

فاؤنڈری تمام صنعتوں کی ماں ،ہمیں اس کی برآمدی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اسے نئی عالمی ٹیکنالوجیز کے مطابق اپ گریڈ کرنا چاہیے ، ڈاکٹر سجاد ارشدتازترین

August 08, 2023

فاؤنڈری تمام صنعتوں کی ماں ہے اور ہمیں اس کی برآمدی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اسے نئی عالمی ٹیکنالوجیز کے مطابق اپ گریڈ کرنا چاہیے۔یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے پاکستان فونڈری ایسوسی ایشن اور فیصل آباد فونڈری اینڈ انجینئرنگ انڈسٹری اونرز ایسوسی ایشن کے تعاون سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر کا تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر کے ممبروں کی تعداد 8300ہے جو180 مختلف سیکٹرز اور سب سیکٹرز سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد ملک کی مجموعی برآمدات میں 65فیصد کا حصہ ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کا مستقبل براہ راست فاؤنڈری سیکٹر کے ساتھ جڑا ہوا ہے اور ہمیں اسے جدید سائنسی خطوط پر دوبارہ ترتیب دینے اور اپ گریڈ کرنے کی پوری کوشش کرنی چاہیے۔ اسی طرح حکومت کو بھی ٹیکس چھوٹ کے ساتھ خام مال کی مستقل اور قابل اعتماد فراہمی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس سیشن سے ہمارے فائونڈری ممبران کے علم میں اضافہ ہوگا اور اس سے ہمارے فائونڈری کے ممبران زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ فائونڈری سیکٹر کے اشفاق اشرف نے کہا کہ آج کے سیشن میں ہمارے دونوں معزز مہمانوں مسٹراینڈری کو بانٹسیف اور مسٹر سرگئی کوکولن جن کا تعلق روس کی ایک ورلڈ وائڈ کمپنیFOSECO سے ہے ہمارے پاس تشریف لائے۔ اس سیمینار میں ممبران نے FOSECOکی ٹیم سے مختلف سوال بھی کئے اور معزز مہمانوں نے ممبران کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے ان کو جدید ٹیکنالوجی کے مطابق کاسٹنگ کی صنعت کو مزید ترقی دینیکیلئے نفع بخش معلومات فراہم کیں اور مال کی ریجیکشن کو کم کرنے کے طریقے بتائے تاکہ کاسٹ آف پروڈکشن کم سے کم کی جائے۔ اس کے بعد ممبران نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے سیمینارز ڈھلائی سے منسلک انڈسٹری کیلئے بہت ہی فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی، حاجی عبدالرئوف،انجینئر مجتبیٰ حسن، جلیل ملک، عبدالرزاق ، یوسف ملک ، ڈاکٹر عارف، محمد عابد، محمد شہباز، محمد اظہر، محمد ساحل، رانا احسان صدیق، ، مرزا زاہد، رانا محمد سعید ، ولید پرویز، زاہد علی اور محمد اشفاق بھی موجود تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی