پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے بعض حلقوںمیںیہ سوچ پائی جاتی ہے کہ ڈالرز رکھنے والوں کیلئے ایمنسٹی سکیم کا اجراء ہونا چاہیے ، موجودہ حالات کے تناظر میں یہ انتہائی مثبت سوچ ہے اس لئے وفاقی حکومت کو اس طرف بلا تاخیر پیشرفت کرنی چاہیے ، اس وقت ملک کو معاشی منشور کی ضرورت ہے لیکن بد قسمتی سے کوئی اس پر کام نہیں کر رہا اور سارا زور سیاست پر لگایا جارہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا منیر حسین اور جنرل سیکرٹری قمرالزمان چودھری نے اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کو مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے لیکن حقائق یہ ہیں کہ سرخ فیتے کی وجہ سے لوگ یہاں سرمایہ کاری سے متنفر ہو رہے ہیں اور دوسرے ممالک کا رخ کر رہے ہیں ۔ حکومت کی ہر تقریب میںسرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ون ونڈ وپالیسی کے اجراء کا اعلان کیا جاتا ہے لیکن حقیقت میں کچھ نہیںکیا جاتا ۔ غیر ملکی سرمایہ کار وں سے پہلے مقامی سرمایہ کاروں کو مراعات دی جائیں اور اسے دیکھ کر غیر ملکی سرمایہ کاری بھی یہاں کا رخ کریں گے۔انہوںنے کہا کہ ہماری معیشت کا ڈھانچہ اس طرح بنا یا گیا ہے کہ اسے ڈالرز سے آکسیجن ملتی ہے اس لئے حکومت کو چاہیے کہ اس حوالے سے ایمر جنسی کی طرز پر پالیسی بنائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی