i معیشت

آئی ایم ایف کو پاکستان کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، ڈاکٹر مرتضیٰ مغلتازترین

March 24, 2023

پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو پاکستان کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس ادارے نے حکومت کو بے بس کر کے رکھ دیا ہے۔ آئی ایم ایف بڑی طاقتوں کے ایما پر معاہدے میں تاخیری حربے استعمال کر کے پاکستانی معیشت کو برباد کر رہا ہے۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے اپنی سیاسی ساکھ کی پرواہ نہ کرتے ہوئے سخت ترین اقدامات کئے ہیں مگر اس سے بھی آئی ایم ایف مطمئن نہیں ہوا جس سے پتہ چلتا ہے کہ اس ادارے کی ڈوریاں کوئی اور ہلا رہا ہے۔ایک بڑی طاقت بھارت کے زریعے ایشیاء میں اپنی چوہدراہٹ قائم کرنا چاہتا ہے اور اگر پاکستان آج چین سے دور ہو جائے یا بھارت کے آگے گھٹنے ٹیک دے تو آئی ایم ایف فوری طور پر معاہدہ بحال کر دے گا۔

ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ دوست ممالک نے بھی برت وقت میں پاکستان کسی کے کہنے پر تنہا چھوڑا ہے اور یہ گٹھ جوڑ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک عالمی طاقت ایران اور سعودی عرب میں صلح سے خوش نہیں ہے اور نہ ہی چین کی کامیاب سفارتکاری اسے پسند آئی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ اس کو ہر قیمت پر سبو تاژ کیا جائے تاکہ اسکے سیاسی مفادات پورے ہوں اور اربوں ڈالر کا اسلحہ فروخت ہوتا رہے۔ اس سلسلہ میں پاکستان کو استعمال کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ اگر اس نازک موقع پر بھی سیاستدانوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے اور اقتدار کی خاطر ملکی مفاد کو قربان کرتے رہے تو پاکستان عالمی طاقتوں کے پھیلائے ہوئے جال میں پوری طرح پھنس جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی