i معیشت

آئی ایم ایف بورڈ چند روز میں قرضہ کی منظوری دے دیگا،پاکستان اکانومی واچتازترین

July 06, 2023

پاکستان اکانومی واچ کے چئیرمین برگیڈئیر(ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ پاکستان سے سٹاف لیول ایگریمنٹ کے جائزے اور ممکنہ توثیق کے لئے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں چند دن رہ گئے ہیں۔یہ اجلاس بارہ جولائی کو منعقد کیا جائے گا جس میں تین ارب ڈالر کے قرضے کی منظوری اور ایک ارب دس کروڑ ڈالر کی پہلی قسط جاری ہونے کا قوی امکان ہے جس سے پاکستان کے لئے مزید قرضوں اور سرمایہ کاری کا راستہ کھل جائے گا اور مجموعی صورتحال بہتر ہونا شروع ہو جائے گی۔ اسلم خان نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کو چائیے کہ قرض کی باقائدہ منظوری کے بعد نئے قرضوں کے حصول کے علاوہ عالمی برادری اور دوست ممالک کو انکے وعدوں پر عمل درامد کروانے کے لئے سفارتی مہم شروع کرے۔ انھوں نے کہا کہ معاہدے کے بعد دوست ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے 3 ارب ڈالر اورچین سے نئے قرض ملنے کے امکانات بھی روشن ہوگئے ہیں۔اسکے علاوہ یورو بانڈ کے زریعے 1.5 ارب ڈالر ، کمرشل بینکوں سے 4.6 ارب ڈالر ، آئی ایم ایف سے 2.4 ارب ڈالر اور دیگر کثیر الجہتی شراکت داروں سے2.7 ارب ڈالرملنے کی امید ہے۔ مختلف ممالک نے گزشتہ سال سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں کی بحالی کے لیے 9 ارب ڈالر کی معاونت کا وعدہ کیا تھا مگر تاحال کوئی رقم موصول نہیں ہوئی ہے جس کے لئے سفارتکاری کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات قطر اورآذربائیجان بھی مجموعی طور پر 15 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا وعدہ کرچکے ہیں جس پر عمل درامد کے لئے سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔دوست ممالک پاکستان میں تیل صاف کرنے کے نئے کارخانے لگانے، موجودہ ریفائنریز کو اپ گریڈ کرنے، توانائی، معدنیات، ذراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں اور آئی ایم ایف سے باقائدے معاہدے کے بعد ان پر عمل درامد آسان ہو جائے گا کیونکہ معاہدے سے کاروبار میں آسانی اخراجات میں کمی اور مالیاتی نظم ونسق بہتر ہونے کا امکان ہے جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی