i معیشت

چیئر مین سینیٹ آذربائیجان میں مصروف دن گزارا، الہام علیوف اور آذربائیجان کی سپیکر غفارروا سے ملاقاتیں، کانفرنس میں شریک مندوبین سے بھی تبادلہ خیالتازترین

July 06, 2022


چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے آذربائیجان میں ایک مصروف دن گزارا جس میں انہوں نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور آذربائیجان کی سپیکر غفارروا سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور کانفرنس میں شریک مندوبین سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان تعلقات کی بنیاد باہمی اعتماد اور احترام ہے۔انہوں نے کہا کہ تجارتی و حکومتی سطح پر رابطہ کاری کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں اور آذربائیجان کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے نئے مواقع تلاش کر سکتے ہیں اور ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے ملاقا ت میں گوادر پورٹ کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ وسطی ایشیاء کی ریاستوں کیلئے بھی انتہائی اہم ثابت ہوگا اور اس پورٹ کے ذریعے خطے میں اقتصادی رابطہ کاری کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے سرمایہ کار گوادر میں سرمایہ کاری کیلئے آگے بڑھیں۔چیئرمین سینیٹ نے آذربائیجان کی حکومت اور سیاسی قیادت کو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔ بعدازاں چیئرمین سینیٹ نیآذربائیجان کی سپیکر صاحبہ غفاررو سے ملاقات کی اور پاکستان آذربائیجان دوطرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے باہمی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر زور دیا اور کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے ہم خوشحالی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے ایک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے سپیکر کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اقتصادی، سماجی و سیاسی سطح پر پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان معاونت کاری کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کے اہم جیو پولیٹکل امور پر حمایت کو بھی سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں سے عوامی اور تجارتی سطح پر روابط کو مزید تقویت ملے گی اور کثیر الجہتی تعاون فروغ پائے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے بہترین مہمان نوازی پر آذربائیجان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ آذربائیجان کے صدر اور سپیکر نے چیئرمین سینیٹ اور پارلیمانی وفد کا اس اہم کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد کی بھر پور شرکت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان خطے کی ترقی، امن اور خوشحالی کیلئے مخلص ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر زور دیا۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی