i معیشت

سی پیک شہری علاقوں میں ٹرانسپورٹ مسائل کو کم کرنے میں مدد کرے گا،ویلتھ پاکتازترین

July 27, 2022


چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)نہ صرف پاکستان کی معیشت کو فروغ دے گی بلکہ ملک میں ٹرانسپورٹ سے متعلق مسائل کو حل کرنے میں بھی مددگار ثابت ہورہی ہے۔ویلتھ پاک کی ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں ایک چینی کمپنی نے کراچی میں پیپلز بس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نئی پیپلز بس سروس میں 500بسوں شامل کی جائیں گی، جو چار ماہ کے اندرپہنچ جائیں گی۔سندھ حکومت نے بسوں کی خریداری کے لیے چینی کمپنی کو چار ماہ کا وقت دیا ہے۔اسی طرح حکومت نے سی پیک کے ایک منصوبے کے تحت شمالی وزیرستان کے ضلع غلام خان کو موٹروے 14 سے جوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ممتاز ماہر معاشیات اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکانومسٹ پائیڈکے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم الحق نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ پاکستان کو شہروں کے پھیلاو کے ایک بڑے مسئلے کا سامنا ہے۔ملک میں دیہاتوں سے شہروں کی جانب نقل مکانی کے مسئلے نے ٹرانسپورٹ سے متعلق بہت سے مسائل کو جنم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا انفراسٹرکچر پاکستان کی مستقبل کی اقتصادی سمت کا تعین کرے گا۔

چینی کمپنیوں کے حالیہ اربن ٹرانسپورٹ کے منصوبے ملک میں، خاص طور پر کراچی میں شہری ٹرانسپورٹ کے مسائل کو کم کر دیں گے۔اس کے علاوہ سی پیک کے تحت بڑے پیمانے پرٹرانسپورٹ نیٹ ورک تیار کیے گئے ہیں، جن میں لاہور ریل ٹرانزٹ اورنج لائن منصوبہ شامل ہے سی پیک کے تحت پہلے اس ٹرانسپورٹ منصوبے کا افتتاح 2020 میں کیا گیا تھا جو 2.2 بلین ڈالر سے زیادہ کی لاگت سے چھ سالوں میں مکمل ہوا۔سی پیک پاکستان میں تجارت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں کارکردگی لائے گا۔ سی پیک کے تحت شروع کیے جانے والے منصوبوں سے تاجروں کو اپنے سامان کو کم کرایہ پر کم وقت میں لے جانے میں مدد ملے گی۔ یہ منصوبے بڑی تعداد میں سیاحوں کو راغب کرنے کے علاوہ لیبر مارکیٹ کے جغرافیائی حجم میں بھی اضافہ کریں گے۔سی پیک کے ایک سینئر ریسرچ ایسوسی ایٹ عدنان خان نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ ملک میں شہری نقل و حمل میں چین کی سرمایہ کاری سے پبلک ٹرانسپورٹ پر بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ "اس سے بڑے شہروں میں ٹرانسپورٹ سہولیات پیدا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان میں لاجسٹکس کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے ۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی