یونیورسٹی آف گوادر ( یو جی ) چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) اور گوادر پورٹ کی تعمیر کے لیے پورٹ مینجمنٹ میں بیچلر آف سائنسز ( بی ایس ) ڈگری اور ڈپلومہ کورسز متعارف کرانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ گوادر پرو کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا کہ اگلے سمسٹر سے یو جی مطالعہ کا ایک نیا شعبہ متعارف کرائے گی اور نئے پروگرام شروع کیے جائیں گے ، انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں میری ٹائم کے مطالعہ اور تحقیق کے لیے سینٹر آف ایکسی لینس قائم کیا جا رہا ہے۔ گوادر پورٹ اور سی پیک کے دیگر منصوبوں سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے یو جی منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر منظور کر لیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے منصوبے کو انتہائی کم وقت میں معیاری انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق ڈاکٹر صابر نے مزید کہا کہ منصوبے پر کام اگلے مالی سال (جولائی 2022) سے ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے گا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کے مستحق طلبا کو خطے میں اعلیٰ تعلیم کی طرف راغب کرنے کے لیے وظائف دیے جائیں گے اور اعلیٰ تعلیم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔