• Dublin, United States
  • |
  • May, 18th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

سی پیک نے پاکستان کیلئے بے شمار مواقع پیدا کئے ، اسپیکر قومی اسمبلیتازترین

January 18, 2023

اسلام آباد (شِںہوا) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے پاکستان کے لئے خاطر خواہ مواقع پیدا کئے ہیں جو پاکستانی عوام کے لئے ایک خوشحال اور پرامن مستقبل کا وعدہ ہے۔

آل پاکستان چائنیز انٹرپرائزز ایسوسی ایشن کی پائیدار ترقیاتی رپورٹ 2022 کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں اسپیکر نے کہا کہ سی پیک چین کے مجوزہ بیلٹ اینڈ روڈ ا نیشی ایٹو (بی آر آئی) کا ایک علمبردار منصوبہ ہے جو پاکستانی عوام کے دیرپا معاشی فوائد اور پائیدار ترقی سے منسلک ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان۔ چین  اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری اور بیلٹ اینڈ روڈ کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے جس نے پاکستان اور دنیا بھر میں توجہ حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگوں کی امنگوں پر پورا اترا،اس کے ذ ریعے لوگوں کے دل جیتے گئے اور لوگوں کے ذریعہ معاش کو فائدہ پہنچا۔ دونوں حکومتوں، کاروباری اداروں اور معاشرے کے تمام شعبوں کی مشترکہ کوششوں سے سی پیک تعاون نے نتیجہ خیز نتائج حاصل کیے اور پاکستان کی قومی تعمیر اور علاقائی رابطے میں اہم کردار نبھایا۔

اسپیکر نے اس بات پر زور دیا کہ متعدد رکاوٹوں کے باوجود پاکستان نے خطے میں اقتصادی ترقی دیکھی ، جبکہ سی پیک کے تحت منصوبوں نے گزشتہ چند برس میں بڑی پیشرفت حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک نے نوول کرونا وائرس وبا جیسی مشکلات کے خلاف مضبوط لچک دکھائی۔سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے دونوں ممالک کے عملے اور کارکنوں نے مشکلات پر قابو پانے کے لئے مل جل کر کام کیا اور پاک۔ چین دوستی کی ایک نئی داستان رقم کی۔

اسپیکر پرویز اشرف کی رائے میں سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی یقینی طور پر پاکستان اور بیلٹ اینڈ روڈ راستے منسلک ممالک کو  ترقی کے لیے اہم مواقع فراہم کرے گی جس سے انہیں علاقائی خوشحالی کا عالمی ہدف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔