• Dublin, United States
  • |
  • May, 21st, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چینی صدر شی جن پھنگ سرکاری دورے پر سربیا پہنچ گئےتازترین

May 08, 2024

بلغراد(شِنہوا)چین کے  صدر شی جن پھنگ سرکاری دورے پر سربیا پہنچ گئے۔

سربیا کی  فضائی حدود میں داخل  ہونے پر دو سربین لڑاکا طیاروں  نے ان کے طیارے کو اپنے حصار میں لے لیا۔

بلغراد نکولا ٹیسلا ایئرپورٹ پر سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچک اور ان کی اہلیہ تمارا ووچک نے چینی صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔

سربیا کے بچوں نے صدر شی اور ان کی اہلیہ پھینگ لی یوآن کو پھول پیش کیے جبکہ اس موقع پر انہوں نے چین اور سربیا کے قومی بھی  پرچم لہرائے۔

قومی ملبوسات میں ملبوس سربیا کے مقای افراد  نے صدر شی کو خوش آمدید کہنے کے لئے اس موقع پر گانا گایا  اور رقص  پیش کیا۔

صدر شی نے سربیا آمد پراپنے ایک تحریری بیان میں کہا کہ چین اور سربیا کے درمیان گہری روایتی دوستی  ہے۔ ہمارے دوطرفہ تعلقات بدلتے ہوئے بین الاقوامی حالات کے  امتحان میں کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں جو ریاستی تعلقات کی بہترین مثال بن گئے ہیں۔

شی نے کہا کہ وہ اس دورے کے دوران اپنے سربین ہم منصب کے ساتھ باہمی دلچسپی کے  امور ، دوستی کی تجدید، تعاون کی منصوبہ بندی، ترقی  اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے ایک نیا خاکہ تیار کرنے کے  منتظر ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ دورہ نتیجہ خیز ثابت ہوگا ، چین سربیا تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہو گا۔ 

انہوں نے کہا کہ سربین صدر کی دعوت پر سربیا کا سرکاری دورہ کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ میں چینی حکومت اور عوام کی طرف سے سربیا کی حکومت اور عوام کے لئے میں خیر سگالی کے جذبات لایا ہوں۔

انہوں نے کہا  کہ دونوں ممالک کے درمیان2016 میں جامع سٹرٹیجک پارٹنر شپ کے قیام کے بعد دوطرفہ تعلقت کو نئی جہت ملی ہے۔

دونوں ممالک مضبوط سیاسی باہمی اعتماد کے بندھن میں بندھے ہیں ہم نے  بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے اعلیٰ معیار کے نتائج دیکھے ہیں۔

شی نے کہا کہ چین اور سربیا نے اپنے  بنیادی مفادات اور اہم معامالات پر ایک دوسرے کی مضبوط حمایت کی ہے۔ ہم نے بین الاقوامی انصاف  کو برقرار رکھا ہے، امن اور ترقی کو فروغ دینے میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ایک نئے تاریخی نقطہ آغاز پر  چین سربیا کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کرے گا،  چین اور سربیا کا تعاون مضبوط رفتار  اور اعلیٰ معیار کے ساتھ   آگے بڑھے گا۔

صدرشی فرانس کا دورہ مکمل کرنے کے بعد سربیا کے دورے پر پہنچے ہیں۔