• Dublin, United States
  • |
  • May, 13th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چین ۔ہنگری وزرائے خارجہ کی ملاقات، قریبی دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیالتازترین

April 25, 2024

بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ہنگری کے وزیر خارجہ اور تجارت پیٹر سجارتو سے بیجنگ میں ملاقات کی جس میں قریبی دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے کہا کہ باہمی احترام اور فائدے پر مبنی چین ۔ ہنگری تعلقات مختلف شعبوں میں فعال تبادلے اور تعاون کے ساتھ ترقی کی مضبوط رفتارسے استفادہ کررہے ہیں۔

وانگ نے کہا کہ رواں سال چین ۔ ہنگری سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ ہے  اور دوطرفہ تعلقات کو نئے اہم مواقع دستیاب ہیں جبکہ چین ، ہنگری سے قریبی رابطے برقرار رکھنے، دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے شدہ اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد اور دوطرفہ تعلقات کو اعلیٰ سطح پر لے جانے کا خواہشمند ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چین مداخلت اور دباؤ کے باوجود چین سے تعاون وسیع کرنے سے متعلق کے ہنگری کے عزم کو سراہتا ہے۔ چین اور ہنگری کے درمیان مختلف شعبوں میں نتیجہ خیز اور باہمی مفید تعاون نہ صرف دونوں عوام کو فائدہ پہنچاتا ہے بلکہ یہ بات ثابت کرتا ہے کہ چین ایک چیلنج کے بجائے ایک موقع  ہے اور یورپ کا حریف ہونے کی بجائے اس کا شراکت دار ہے۔

وانگ نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ ہنگری رواں سال کی دوسری ششماہی میں یورپی یونین کی صدارت سنبھال لے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہنگری چین کی ترقی سے متعلق یورپی یونین کے منطقی اور دوستانہ نقطہ نگاہ کو فروغ دیکر زیادہ فعال اور عملی پالیسی پر عملدرآمد کرے گا۔ وہ چین- یورپی یونین تعلقات میں مستحکم اورمثبت پیشرفت کے لئے چین۔ یورپ سٹریٹجک رابطے مضبوط بنائے گا اور پائیداری کو فروغ دے گا۔ 

بات چیت کے دوران ہنگری کے وزیرخارجہ سجارتو نے کہا کہ ہنگری ڈی کپلنگ اور رابطے توڑنے کا مخالف ہے اور ہمیشہ اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ چین کو خطرہ بناکر پیش کرنے کا مطلب صرف مواقع سے محرومی ہوگا جبکہ چین کو شراکت دار کے  طورپر دیکھنا درست انتخاب ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہنگری بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے فریم ورک کے تحت اہم منصوبوں کے فروغ ، ہنگری ۔ چین مختلف شعبوں میں باہمی مفید تعاون مسلسل وسیع کرنے،  دوطرفہ تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جانے اور یورپی یونین- چین تعلقات کی مستحکم اور پائیدار پیشرفت کے فروغ کا خواہاں ہے۔