• Dublin, United States
  • |
  • May, 19th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چین کے خلائی اسٹیشن سے واپس آنے والے بیجوں پر افزائش نسل کے تجرباتتازترین

May 06, 2024

بیجنگ (شِنہوا) چین کا انسان بردار خلائی جہاز شین ژو 17 منگل کو زمین پر اترا تھا جس کے ساتھ  چین کے خلائی اسٹیشن سے سائنسی تجرباتی نمونوں کی ایک نئی کھیپ زمین پر پہنچ گئی جس میں افزائش نسل کے تجربات میں استعمال ہونے والے بیج بھی شامل تھے۔

چینی اکیڈمی برائے زرعی سائنس کے ماتحت لان ژو انسٹی ٹیوٹ آف ہسبنڈری اینڈ فارماسیوٹیکل سائنسز کے فراہم کردہ الفالفا اور جو سمیت چارے کے بیجوں کو خلائی اسٹیشن پر خلائی تابکاری حیاتیات آلات کی مدد سے 11 ماہ خلائی تابکاری سے گزارا گیا ۔

چینی اکیڈمی برائے سائنسز کے ماتحت ٹیکنالوجی اینڈ انجینئرنگ سینٹر فار اسپیس یوٹیلائزیشن میں بنیادی جانچ پڑتال کے بعد بیج تجرباتی تحقیق کے لئے لان ژو انسٹی ٹیوٹ آف ہسبنڈری اینڈ فارماسیوٹیکل سائنسز کی تحقیقی ٹیم کو بھیج دیئے گئے۔

ٹیم کے چیف سائنسدان یانگ ہونگ شان نے کہا کہ محققین نے ان بیجوں کو اگانے کے تجربات شروع کردیئے ہیں اور وہ بہترین تبدیلی ، زیادہ پیداوار، بہتر معیار اور مستحکم مزاحمت کے ساتھ اعلیٰ نئی اقسام کی کاشت کے لئے افزائش نسل کے تجربات کریں گے۔

یانگ نے کہا کہ تحقیق کے نتائج سے زرعی سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں چین کی مسابقت میں نمایاں اضافہ ہونے کی توقع ہے اور یہ ملک میں زراعت کی پائیدار ترقی میں مضبوط مدد فراہم کرے گا۔

تحقیقی ٹیم نے خلاء میں تبدیل شدہ بیج کے ذریعے الفالفا کی تین نئی اور جو کی ایک نئی قسم کامیابی سے کاشت کی ہے۔ ان اقسام کو وسیع پیمانے پر فروغ دیکر پیداوار حاصل کی گئی ہے۔