اسرائیل کی طرف سے تواتر کے ساتھ سکولوں میں قائم بے گھر فلسطینیوں کو بمباری کا نشانہ بنانے کے ہولناک واقعات پر جرمنی کے بعد فرانس نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے اسرائیلی بمباری کو ناقابل قبول قرار دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں فرانس کی وزارت خارجہ نے باضابطہ طور پر ایک بیان جاری کیا ہے ، بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں جنگ کے دوران بے گھر کر دیے گئے فلسطینیوں کے لیے عارضی پناہ بننے والے سکولوں کی عمارات اور سٹرکچر پر بمباری کرکے انہیں تباہ کرنا اور پہلے ہی جنگ کی وجہ سے بے گھر ہو چکے فلسطینیوں کو ایک بار پھر بمباری کا نشانہ بنانا قابل مذمت اور نا قابل قبول ہے،فرانس کی طرف سے اسرائیل کے حالیہ مہلک فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اس طرح کے سب حربوں کو ناقابل قبول قرار دے دیا گیاہے۔ فرانس کی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی مکمل پابندی کرے۔خیال رہے منگل کے روز جنوبی غزہ کے علاقے میں سکول عمارت میں قائم پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کی بمباری سے کم از کم 27بے گھر فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی