i بین اقوامی

سعودی عرب میں پاکستانی شہری کو غلط جگہ سے سڑک پار کرنے پر 2ہزار ریال جرمانہتازترین

December 27, 2023

سعودی عرب میں غلط جگہ سے سڑک پار کرنے پر پاکستانی شہری کو 2ہزار ریال(پاکستانی ڈیڑھ لاکھ روپے)جرمانہ کر دیا گیا ،تفصیلات کے مطابق سعودی جنرل ڈپارٹمنٹ آف ٹریفک (جی ڈی ٹی)نے گزشتہ دنوں اعلان کیا تھا کہ شاہراہوں کو عبور کرنے والے پیدل چلنے والوں پر 2000ریال تقریبا ڈیڑھ لاکھ پاکستانی روپے تک کے بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔سعودی ٹریفک اہلکاروں کی جانب سے ٹریفک قوانین پر عملدر آمد شروع کردیا گیا جس کے بعد غلط جگہ سے سڑک پار کرنیوالے پاکستانی کو بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا، سڑک پار کرنے اور اہلکار کے فائن کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی،لائف ان سعودی عربیہ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر واقعہ کی ویڈیو شیئر کی اور ساتھ میں لکھا کہ غیر نامزد جگہ سے ہائی وے عبور کرنے پر 2000ریال جرمانہ عائد کیا گیا۔یاد رہے کہ جی ڈی ٹی حکام کا کہنا تھا کہ پیدل چلنے والوں کو شاہراہوں کو عبور کرتے ہوئے ایک ہزار سے دو ہزار سعودی ریال تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، یہ اقدام اس خطرناک عمل کو روکنے کے لیے متعارف کرایا گیا جو نہ صرف پیدل چلنے والوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالتا ہے بلکہ ٹریفک میں نمایاں خلل کا باعث بنتا ہے اور حادثات کے امکانات میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی