i بین اقوامی

سعودی عرب کی غزہ پراسرائیلی قابض ریاست کے جنگی جرائم کی شدید مذمتتازترین

April 24, 2024

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے بغیر کسی روک ٹوک کے گھنائونے جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق ان جنگی جرائم میں تازہ ترین جنوبی شہر خان یونس کے ناصر میڈیکل کمپلیکس میں اجتماعی قبروں کی دریافت سے سامنے آیا ہے۔اس طرح وزارت خارجہ اس بات کی توثیق کرتی ہے کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے اسرائیلی قابض ریاست کی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے جوابدہی کے طریقہ کار کو فعال کرنے میں ناکامی کے نتیجے میں انسانی المیوں اور تباہی میں مزید خلاف ورزیاں اور اضافہ ہوگا۔وزارت خارجہ نے سعودی عرب کے اس مطالبے کی تجدید کی کہ عالمی برادری غزہ کی پٹی میں شہریوں پر اسرائیلی قابض ریاست کے حملوں کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داری قبول کرے اور اس سے کیے گئے قتل عام کے لیے اسے جوابدہ ٹھہرائے۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے عرب میڈیا کو دیے گئے بیانات میں اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب خطے کے ممالک کے استحکام اور سلامتی کے حوالے سے زیادہ پر امید ہے۔وزیر خارجہ کے بیانات خلیج تعاون کونسل کے ممالک اور یورپی یونین کے درمیان سلامتی اور علاقائی تعاون پر لکسمبرگ میں اعلی سطحی فورم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے موقع پر سامنے آئے۔ دریں اثناء وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدہ میں جنگ بندی اور امدادی اشیا کی ترسیل کو دو اہم عوامل کے طور پر شامل کیا جانا ضروری ہے ،وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے لکسمبرگ میں یہ انکشاف بھی کیا کہ یورپی یونین کے کئی رکن ممالک نے آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن کی جانب یہ ایک مثبت قدم ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یورپی یونین کے کچھ ممالک فلسطین کو ضرور تسلیم کر لیں گے اور بعد ازاں دیگر کئی ملک بھی اسی عمل کی پیروی کریں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی