روس کے شمال میں واقع جمہوریہ داغستان میں یہودی عبادت گاہوں اور گرجا گھروں پر مسلح افراد کے حملے میں پولیس اہلکاروں سمیت 23افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق روس کے شمالی قفقاز میں واقع جمہوریہ داغستان میں پینٹیکوسٹ کے آرتھوڈوکس تہوار کے موقع پر مسلح افراد نے دربنٹ اور مکھاچکالا شہروں کو نشانہ بنایا۔حملہ آوروں نے 2گرجا گھروں اور 2یہودی عبادت گاہوں کو اپنا نشانہ بنایا، ایک چرچ اور ایک عبادت گاہ کو نذر آتش بھی کر دیا ،حملے کے نتیجے میں کم از کم 15پولیس اہلکار، ایک پادری اور ایک سیکیورٹی گارڈ ہلاک ہوئے ہیں جبکہ حملہ آوروں میں سے 6پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، اور دہشت گردوں کے مزید ساتھیوں کی تلاش جاری ہے، فی الحال حملہ آوروں کی شناخت کے حوالے سے بتانا قبل از وقت ہو گا۔ہلاک ہونے والے 15پولیس اہلکاروں کی تعداد داغستان کے ریپبلکن رہنما سرگئی میلیکوف نے بتائی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی