i بین اقوامی

نریندر مودی (آج) تیسری بار وزارت عظمی کا حلف اٹھائیں گےتازترین

June 08, 2024

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اتحاد، نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے )کے قانون سازوں کی جانب سے نریندر مودی کو باضابطہ طور پر تیسری بار وزیراعظم نامزد کر دیا گیا جس کے بعد بھارتی صدر دروپدی مرمو نے مودی کو (آج) اتوار کو حکومت سازی کی دعوت دے دی،نریندر مودی جواہر لال نہرو کے بعد تیسری بار وزارت عظمی کے منصب پر فائز ہونے والے دوسرے بھارتی سیاستدان ہوں گے ۔ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے اجلاس میں نریندر مودی نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا اور خاص طور پر کانگریس پارٹی کا نام لے کر تنقید کا نشانہ بنایا، مودی نے اس بات کا خیال بھی نہیں رکھا کہ انتخابات اب ختم ہوچکے ہیں اور اس اہم موقع پر جب انہیں تیسری بار وزیراعظم نامزد کیا جارہا ہے، وہ جمہوریت کی کامیابی کی بات کرنے کے بجائے اپوزیشن پر نتقید کرتے رہے، شاید انہیں لگتا ہے کہ نئی لوک سبھا میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے تک وہ غیر محفوظ ہیں۔ بھارت کے ایک ٹی وی پروگرام میں سیاسی تجزیہ کار پرکالا پربھاکر کے ساتھ بحث کے دوران اینکر نے نوٹ کیا کہ مودی کے حریف اور ان کے کابینہ کے ساتھی نتن گڈکری کا نام بھی مودی کے متبادل کے طور پر لیا گیا، جب کہ اجلاس کے دوران جب پورا ہال مودی کے استقبال میں کھڑا ہوا تو گڈکری اپنی نشست سے نہیں اٹھے، ایسے میں ممکن ہے اگر وہ میدان میں اترتے ہیں تو انہیں اپوزیشن جماعتوں کی حمایت بھی حاصل ہوسکتی ہے۔ خیال رہے کہ بی جے پی 2024 کے عام انتخابات کے دوران لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے اور وہ 240 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی، جب کہ حکومت بنانے کے لیے 272 سیٹوں درکار ہوتی ہیں، ایسے میں مودی کو اپنے اتحادیوں پر انحصار کرنا پڑے گا۔ اس سے قبل نیشنل ڈیموکریکٹ الائنس کی میٹنگ میں نریندر مودی کو متفقہ طور پر این ڈی اے اور بی جے پی کا لیڈر منتخب کیا گیا، مودی کو بی جے پی پارلیمانی بورڈ کا لیڈر بھی منتخب کیا گیا۔ خیال رہے کہ نریندر مودی جواہر لال نہرو کے بعد تیسری بار وزارت عظمی کے منصب پر فائز ہونے والے دوسرے بھارتی سیاستدان ہوں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی