i بین اقوامی

نئی دہلی کے مسلمانوں نے متحد ہوکر مسجد کی دیوار کا انہدام رکوادیاتازترین

June 26, 2024

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے مسلمانوں نے متعدد مساجد یا ان سے ملحق دیواروں، کمروں اور کمپائونڈز کی شہادت سے تنگ آکر اب ایسے کسی بھی آپریشن کے خلاف ڈٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز نئی دہلی کے علاقے روہنی کے مسلمانوں نے متحد ہوکر ایک مسجد کی دیوار کے انہدام کی کارروائی رکوادی۔بلدیہ نئی دہلی نے منگل کو روہنی کے علاقے میں ایک مسجد کی دیوار کو انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت شہید کرنے کی کوشش کی تو علاقے کے مکینوں نے انسانی زنجیر بناکر اہلکاروں کو روک دیا۔بلدیہ نئی دہلی کے اہلکار قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھاری نفری لے کر روہنی زون میں پہنچے تھے۔ ایک بیان میں نئی دہلی کی میونسپل کارپوریشن نے بتایا کہ وہ روہنی زون کے وارڈ نمبر 42کے علاقے منگول پوری کے میونسپل پارک میں غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی دیوار کو 20میٹر کی حد تک ہٹانے میں کامیاب رہی ہے۔لوگوں کے جمع ہوجانے پر صورتِ حال کشیدہ ہوگئی اور بلدیہ نئی دہلی کے عملے کو ڈیمولیشن آپریشن روکنا پڑا۔ بلدیہ دہلی کا عملہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکاروں کی معاونت سے بھی لوگوں کو پرامن طور پر منتشر کرنے میں ناکام رہا۔بلدیہ نئی دہلی کے حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ایک رپورٹ نئی دہلی ہائی کورٹ میں پیش کردی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی