i بین اقوامی

مصر کا سلامتی کونسل کی قرارداد کا خیرمقدم ،اسرائیل اور حماس سے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کو مکمل کرنے پر زورتازترین

June 11, 2024

مصر نے سلامتی کونسل کی جانب سے غزہ کی پٹی میں جامع اور مستقل جنگ بندی تک پہنچنے کیلئے معاہدے کی حمایت کی قرارداد کا خیرمقدم کیا ہے۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مصری وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں قاہرہ نے سلامتی کونسل کی طرف سے جاری کردہ قرارداد اور اس میں قیدیوں اور زیر حراست افراد کے تبادلے، غزہ سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا ، بے گھر فلسطینیوں کی بحفاظت واپسی اور جنگ زدہ فلسطینیوں کو امداد کی بلا تعطل فراہمی کی قرارداد کا خیرمقدم کیا۔مصر نے اسرائیل کو بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریوں کی تعمیل کرنے کی اہمیت اور غزہ کی پٹی کے خلاف جاری جنگ اور اس کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں اور تباہی کو روکنے کے لیے مطالبے کی دہرایا۔مصرنے حماس اور اسرائیل دونوں پر زور دیا کہ وہ غزہ میں جاری جنگ روکیں اور سلامتی کونسل کی قرارداد کی روشنی میں جنگ بندی معاہدے کی تجاویز پر عمل درآمد شروع کریں۔مصر نے دو ریاستی حل کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سیاسی افق تلاش کرنے، اس کے لیے بین الاقوامی سطح پر سنجیدہ اقدامات کی ضرورت پر توجہ دلائی۔مصر کا کہنا تھاکہ تنازعے کی جڑکو ختم کرنے، خطے میں استحکام اور بقائے باہمی کی بنیادوں کی حمایت اور قیام امن کی واحد ضمانت ہے1967 کی سرحدوں اور مشرقی بیت المقدس پر مشتمل ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی