سعودی کابینہ نے مملکت میں بے روزگاری کی شرح میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ، عرب میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز کے زیر صدارت سعودی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گذشتہ دنوں کے دوران میں سعودی عرب اور دیگر ممالک اور عالمی تنظیموں کے بیچ ہونے والی بات چیت اور ملاقاتوں کا جائزہ لیا گیا،کابینہ نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر حالات و واقعات کا بھی جائزہ لیا۔ اس دوران میں یورپی یونین کی خارجہ تعلقات کونسل کے اجلاسوں میں شرکت کرتے ہوئے سعودی عرب کے موقف کو دہرایا گیا۔ اس میں غزہ پٹی اور اس کے اطراف فوری فائر بندی کے لیے تمام کوششوں کی اہمیت اور مستقل اور منصفانہ امن کو یقینی بنانے پر کام کرنے کے علاوہ برادر فلسطینی عوام کو با اختیار بنانا شامل ہے تا کہ وہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک آزاد ریاست کے قیام کا حق حاصل کر سکیں۔سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے ایک بیان میں بتایا کہ کابینہ نے مملکت کے اندرونی معاملات پر بھی بات چیت کی۔ ان میں انفرا اسٹرکچر کی مضبوطی، شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکی افراد کو پیش کی جانے والی خدمات کے معیار، سیکٹروں کی ترقی، ٹیلی کمیونی کیشن ٹکنالوجی اور سرمایہ کاری لانے سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔کابینہ نے ترقی کے سفر میں سعودی مرد اور خواتین کی شرکت کو مضبوط بنانے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا،ساتھ ہی کام کی منڈی میں قومی افرادی قوت بڑھانے اور بے روزگاری کی شرح کم کرنے کے لیے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا،مملکت میں بے روزگاری کی شرح کم ہو کر (ویژن 2030پروگرام میں)مقررہ ہدف 7فی صد کے قریب آ گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی