i بین اقوامی

مملکت میں اب تک 12لاکھ عازمین حج ادائیگی کے لیے پہنچ چکے ہیں، سعودی وزیر حجتازترین

June 07, 2024

سعودی عرب کے وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ مملکت میں اب تک 12لاکھ عازمین حج ادائیگی کے لیے پہنچ چکے ہیں۔سعودی وزیر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سعودی عرب نے جعلی حج آپریشنز کے خطرات سے آگاہی کے لیے بین الاقوامی مہم کا آغاز کر دیا ہے،توفیق الربیعہ نے زور دیا کہ عازمین حج حکام کے ساتھ تعاون کریں اور ضوابط کی پابندی کریں، ان کا کہنا تھا کہ حجاج کی سہولت کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔عازمین حج کی مجموعی صحت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امور صحت کے ادارے بہترین طریقے سے خدمات انجام دے رہے ہیں مجموعی طورپر عازمین کی صحت بہتر ہے تمام معاملات بہتر طورپر انجام پارہے ہیں۔وزیر حج کا مزید کہنا تھا کہ رواں برس حج امور کو بہتر انداز میں مکمل کرنے کے لیے 50سے زائد سرکاری اداروں کے ساتھ اشتراک عمل کیا گیا جبکہ 11ممالک کا دورہ کر کے وہاں حج امور کے حوالے سے معاملات طے کیے گئے تھے۔انکا کہنا تھا کہ 126ممالک کے شہریوں کو یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ بغیر کسی ایجنٹ یا سیاحتی ادارے کے ڈیجیٹل پورٹل اور پلیٹ فارم پرحج کے لیے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔امسال وادی منی میں 11نئی عمارتوں کا اضافہ کیا گیا ہے جہاں 37ہزار حجاج کو قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ علاوہ ازیں دنیا کا سب سے بڑا کولنگ اسٹیشن بھی نصب کیا گیا ہے جس سے مشاعر مقدسہ میں ہوا کو قدرے ٹھنڈا کرنا ممکن ہو گا۔ کولنگ اسٹیشن کے ذریعے پانی کی پھوار ہوا میں پھیلے گی جس سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہو گی۔وزیر حج نے توقع ظاہر کی کہ امسال دو لاکھ 50ہزار سے زائد عازمین مکہ روٹ منصوبے سے فائدہ حاصل کریں گے۔ منصوبے کا مقصد عازمین کو بہتر سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امسال ایام حج کے لیے 10ہزار سے زائد مرد و خواتین رضا کاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 20ہزار سے زائد کارکنوں حجاج کی خدمت کے لیے عملی تربیت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت انہیں مختلف زبانوں کے روز مرہ میں استعمال ہونے والی الفاظ بھی سیکھائے گئے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی