مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوڑی میں حال ہی میں قائم کیے گئے بھارتی فوج کے نئے اڈے پر مسلح افراد نے اس وقت دھاوا بول دیا جب بھارتی آرمی چیف وہاں کا دورہ کرکے واپسی کے لیے نکلے ہی تھے،کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجی اڈے پر حملہ اتنا اچانک کیا گیا تھا کہ فوجیوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ افسران اور اہلکار خوف زدہ ہو کر بھاگ کھڑے ہوئے۔ فوجی کیمپ میں سائرن بجنے لگے اور ہر طرف افراتفری مچ گئی،بھارتی فوج کے ترجمان نے بتایا جب کہ حملہ آور جوابی فائرنگ کا مقابلہ نہ کرسکے اور فرار ہوگئے،3اہلکار زخمی ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے،کسی بھی جماعت کی طرف سے تاحال حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی،عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد بھارتی فوجی اڈے سے متعدد ایمبولینسوں کو باہر نکلتے اور اسپتال کی جانب دیکھا گیا ہے جن میں زخمی بھارتی فوجی موجود تھے،عینی شاہدین نے مزید بتایا کہ زخمی بھارتی فوجیوں کی تعداد 10کے قریب ہوسکتی ہے جب کہ کم از کم ایک اہلکار مارا گیا۔ آزاد ذرائع بھی ایک اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہیں۔تاہم بھارتی فوج کے ترجمان کا اصرار ہے کہ حملے میں صرف 3اہلکار زخمی ہوئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی